لودہراں: محفل میلاد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم

مورخہ: 03 مارچ 2016ء

ادب مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم مسلمان کے ایمان کو پختہ کرتا ہے جس مسلمان کے دل میں ادب مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کمزور پڑ جائے اس کا ایمان بھی کمزور پڑ جاتا ہے ان خیالات کا اظہار علامہ غضنفر حسنین قادری مرکزی ناظم دعوت منہاج القرآن نے ملک محمد اسلم چنڑ کی رہائش گاہ پر منعقدہ محفل میلاد سے کیا۔ انہوں نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن اللہ اور اس کے حبیب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے تعلق کو مضبوط کر رہی ہے جس کا ایک منہ بولتا ثبوت سرزمین پاکستان پر قائم گوشئہ درود ہے جس میں سال کے 365 دن حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر درود پاک پڑھا جا رہا ہے جو خدا اور مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے مسلمان کے تعلق کو مضبوط کرتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر مسلمان اپنے ایمان کی مضبوطی اور سلامتی چاہتے ہیں تو انہیں اپنے دلوں میں ادب مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شمع کو روشن کرنا ہوگا۔ محفل میلاد میں ضلع لودہراں کے مشہور نعت خوانان حضرات اللہ ڈتہ مہروی، حافظ عبدالقیوم غوری، پروفیسر نعمان مصطفوی اور دیگر نے آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شان میں مداح سرائی کی۔ محفل میلاد میں خصوصی شرکت رہنما تحریک منہاج القرآن خواجہ محمد یعقوب، ضلعی امیر چوہد ری عبد الغفار سنبل، صدر علماء کونسل علامہ نصیر احمد بابر اور ملک یوسف چنڑ نے کی۔ اس کے علاوہ محفل پاک کی تقریب میں تحریک منہاج القرآن کے جملہ کارکنان و عہدیداران اوراہلیان علاقہ نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ آخر میں ملک پاکستان کی امن و سلامتی  کے لئے خصوصی دعا بھی کی گئی۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top