تحریک منہاج القرآن کےمرکزی سٹاف کا وادی سوات کا سالانہ ٹور

مورخہ: 04 مئی 2017ء

تحریک منہاج القرآن کے مرکزی سٹاف کے 80 سے زائد افراد کا 4 روزہ سالانہ ٹور مؤرخہ 3 مئی بروز بدھ شام 9 بجے نائب ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن محترم رانا فیاض احمد کی سربراہی میں مرکزی سیکرٹریٹ سے روانہ ہوا۔ قافلہ 4 مئی بروز جمعرات صبح 4 بجے درگئی پہنچا جہاں نماز فجر کی ادائیگی کے بعد قافلہ بٹ خیلہ، چکدرہ، مینگورہ سے ہوتے ہوئے وادی مرغزار کے مرکزی مقام وائٹ پیلس صبح 9 بجے پہنچا۔ شرکاء نے کچھ دیر آرام کیا، ناشتہ کرنے کے بعد اس پرفضا اور خوبصورت مقام پر سب نے جی بھر کر فوٹو گرافی کی اور سیلفیاں بنائیں۔ قافلہ 11:00 بجے وائٹ پیلس سے مالم جبہ کے لئے روانہ ہوا جو کہ تقریباً 4 گھنٹے کا سفر تھا۔ مالم جبہ بلندی اور خوبصورتی کے اعتبار سے اپنا منفرد مقام رکھتا ہے۔ مالم جبہ نے تو برف کی چادر اتار دی تھی لیکن گردو نواح میں برف پوش چوٹیاں آنے والے سیاحوں کو دعوت نظارہ دے رہی تھیں۔ شرکاء نے بسوں سے اترتے ہی بلند ترین چوٹی کی طرف دوڑ لگادی۔ جن شرکاء کا وزن ان کے راستی کی رکاوٹ بنا انہوں نے چیر لفٹ کی مدد لی اور چوٹی پر پہنچ گئے کسی نے گھڑ سواری کی تو کوئی اس کے ساتھ تصویریں بناتا رہا۔

شام 5 بجے قافلہ میاندم کی طرف رواں دواں ہوا، مقررہ اوقات پر نمازیں ادا کرتے ہوئے قافلہ رات 9 بجے ہوٹل پہنچا۔ رات آرام کے بعد قافلہ صبح 10 بجے میاندم سے براستہ بدین، بحرین، کالام کے لئے روانہ ہوا۔ بحرین میں نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد قافلہ نے پھر اپنی منزل کی طرف سفر شروع کیا، طویل مسافت اور تھکا دینے والے سفر کے بعد قافلہ شام 7 بجے کالام ہوٹل ہیون روز پہنچا۔ راستہ اگرچہ تکلیف دہ تھا مگر روڈ کے دونوں طرف برف سے ڈھکے گلیشیئر دریا کا پرفضا نظارہ تمام تھکاوٹیں دور کرتا رہا۔

ہفتہ صبح 10 بجے 13 لینڈ کروزر کا قافلہ جھیل مہوڈنڈ اور جھیل سیف اللہ کے لئے روانہ ہوا۔ جنگل کے پرکیف نظاروں کے بعد قافلہ اوشو پل پر ٹھہرا، فوٹو گرافی کے بعد قافلہ جھیل کی طرف روانہ ہوا۔ راستہ میں کئی گلیشیئر آئے نوجوانوں نے برف پر خوب موج مستی کی، بزرگ تصویریں بنواتے رہے۔ پانچ چھ گلیشیئر کراس کرنے کے بعد اگلے گلیشیئر کو ہٹانے کا کام جاری تھا لہذا تمام گاڑیاں رک گئیں اور قافلہ دو حصوں میں تقسیم ہوگیا۔ ایک گروپ قدرت کے دلفریب نظاروں میں کھوگیا جبکہ دوسرا گروپ جھیل پہنچنے کا عزم کرکے روانہ ہوگیا۔ بالآخر 2 گھنٹے کی مسافت کے بعد جھیل پہنچے اور دیر تک پرکیف نظاروں سے قلب و روح کو سکون دیتے رہے۔ قافلہ رات مغرب کے بعد ہوٹل واپس پہنچا۔
7 مئی بروز اتوار صبح ناشتہ کے بعد قافلہ براستہ موٹروے لاہور روانہ ہوا اور صبح 4 بجے مرکزی سیکرٹریٹ پہنچے۔

رپورٹ: محمد منہاج الدین قادری

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top