کمیونٹی کے مسائل کے حل کے لئے محمد اقبال چودھری کی پاکستانی قونصل جنرل سے ملاقات

مورخہ: 06 اگست 2012ء

منہاج مصالحتی کونسل (سپین) کے صدر محمد اقبال چودھری کی قیادت میں پاکستانی کمیونٹی کی تنظیمات کے وفد نے پاکستانی قونصل جنرل برائے بارسلونا مسعود خان راجہ سے ملاقات کی جس میں بارسلونا اور کاتالونیا میں رہنے والے پاکستانیوں کے مختلف مسائل زیر غور آئے جن میں سپین میں عارضی ریزیڈنسی کارڈ کے حامل پاکستانیوں کی سپین واپسی پر اسلام آباد اور لاہور ایئرپورٹ پر روکے جانے سے پیدا ہونے والی صورتحال سرفہرست تھی۔اس کے علاوہ قونصلیٹ جنرل بارسلونا کے Cita سسٹم کی بہتری، سروسز آن لائن کی فراہمی اور قونصلیٹ سے متعلقہ فارمزفل کرنے کا معاملہ بھی زیر بحث آیا۔

قونصل جنرل مسعود خان راجہ نے پاکستان میں 6 ماہ سے زائد قیام کرنے والی فیملیوں کے متعلقہ مسائل کے حل کے لئے اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی، انہوں نے کہا کہ وہ اس مسئلہ سے نمٹنے کے لئے فوری طور پر پاکستان ایمبیسی سپین، سپین ایمبیسی اسلام آباد اور پاکستانی دفتر خارجہ کے متعلقہ حکام سے رابطہ کریں گے۔انہوں نے کہا کہ ان مسائل کے حل کے لئے جلد ہی بارسلونا کے ڈپٹی گورنرسے ملاقات کا انتظام بھی کیاجائے گا۔انہوں نے ملاقات میں موجود معززین پر زوردیا کہ وہ اپنی مقامی سیاسی جماعتوں سے بھی اس سلسلہ میں رابطوں کو تیز کریں اور جہاں تک ممکن ہو سکے کچھ عارضی ریلیف لینے کی کوشش کریں۔

ملاقات میں محمد اقبال چودھری(صدر منہاج مصالحتی کونسل، سپین)، جاوید مغل(سینئر صحافی)، چودھری نذیر احمد گوندل(صدر مسلم لیگ ن)،فیض اللہ ساہی(چیئرمین پاکستان ویلفیئرکونسل) حافظ عبدالرزاق صادق(چیئرمین پاکستان پریس کلب، سپین)، سید ظفر علی شاہ(پاک کاتالان فیڈریشن)، مزمل باجوہ ،حاجی اسد، راجہ مختار سونی، چودھری نثار احمد، گلزار احمد اور دیگر معززین شامل تھے۔

رپورٹ: نوید احمد اندلسی

تبصرہ

Top