اسلامی تعلیمات واحکامات پر عمل پیر ا ہو کر دنیا کو امن کا گہوارہ بنایا جاسکتا ہے : ڈاکٹر رحیق احمد عباسی

منہاج القرآن دنیا بھر میں احیائے اسلام کی تحریک ہے جو بین الاقوامی سطح پر اسلام کی حقیقی تعلیمات کا نہ صرف پر چار کر رہی ہے بلکہ عملی طور پر نوجوان نسل کواس سے آگاہی دے رہی ہے تاکہ اسلامی تعلیمات و احکامات پر عمل پیر اہو کر دنیا کو امن کا گہوارہ بنانے کے ساتھ ساتھ ایک خوشحال اور دوستانہ معاشرے کو یقینی بنایا جا سکے۔ ان خیالات کا اظہار منہاج القرآن انٹرنیشنل کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے مورخہ 23 اکتوبر2010ء کو الفرغانہ انسٹی ٹیوٹ فار اسلامک سٹڈیز مانچسٹر میں منہاج القرآن برطانیہ کے جنرل کونسل کے اجلاس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر محمد طاہر القادری جدید تحقیق کی روشنی میں جس طرح دینی موقف کی ترویج واشاعت میں مصروف ہیں اس کی مثال نہیں ملتی، دہشت گردی کے خلاف فتویٰ کے اجراء اور دہشت گردوں کے خلاف دو ٹوک جراتمندانہ موقف نے دنیا بھر میں سیاسی وسماجی سطح پر اہل علم مسلمان طبقے کو سر اٹھا کرجینے کے قابل بنا دیا ہے۔ اس موقع پر منہاج القرآن برطانیہ کے سیکرٹری جنرل طاہر محمد، یوتھ لیگ کے صدر خالد تحسین، اور ویلفیئر فاؤنڈیشن کے عدنان سہیل نے اپنے اپنے شعبوں اور خدمات کے متعلق تفصیلی سالانہ رپورٹ پیش کی۔اجلاس میں برطانیہ کی ایگزیکٹو کونسل کی تنظیم سازی بھی کی گئی جس میں علامہ محمد افضل سعیدی کو آئندہ مدت کے لئے بلامقابلہ صدر چنا گیا جبکہ سیکرٹری جنرل طاہر محمد دوبارہ منتخب ہوئے۔ اس موقع پر پیس اینڈ انٹی گریشن کونسل کا قیام بھی عمل میں لایا گیا۔ کونسل کے صدر ابو احمد الشیرازی اور جنرل سیکرٹری اشتیاق احمد قادری کو نامزد کیا گیا۔ الفرغانہ انسٹی ٹیوٹ کے پرنسپل شیخ محمد رمضان قادری نے اپنے ادارے کی مدلل رپورٹ پیش کی جبکہ علامہ اشفاق عالم قادری، علامہ سہیل احمد صدیقی، علامہ رفیق حبیب، علامہ شاہد بابر، سید بخاری ، داؤد حسین مشہدی نے گذشتہ سال کی کارکردگی اور آئندہ سال کے پروگرامزکے انتظامات کے حوالہ سے اپنے اپنے خیالات کا اظہار کیا جبکہ شعبہ خواتین کی عہدیداران نے جنرل کونسل کے شرکاء کو برطانیہ بھر میں خواتین سے متعلق سرگرمیوں کی تفصیلی رپورٹ پیش کی۔ اجلاس میں سابق صدر ابو احمد الشیرازی کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔

رپورٹ: آفتاب بیگ

تبصرہ

Top