وہاڑی: ایم ایس ایم کے زیراہتمام 'امن کانفرنس' کا انعقاد

محض لاؤڈ سپیکر ایکٹ پر عمل درآمد سے دہشتگردی کا خاتمہ ممکن نہیں، ٹھوس حکمت عملی اپنائی جائے۔
طلبہ کو تحفظ فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی
کسی کو تعلیمی اداروں کے اندر متشدد نظریات کے فروغ کی اجازت نہیں دیں گے۔ عرفان یوسف

مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ وہاڑی کے زیراہتمام امن کانفرنس بالمقابل گورنمنٹ ڈگری کالج وہاڑی میں منعقد ہوئی جس میں مرکزی صدر پاکستان عوامی تحریک ڈاکٹر رحیق احمد عباسی، مرکزی صدر MSM چوہدری عرفان یوسف اور مرکزی نائب صدر MSM رضی طاہر نے خصوصی شرکت کی۔ مرکزی صدر پاکستان عوامی تحریک صبح 9 بجے بوریوالہ پہنچے جہاں صدر ایم ایس ایم بوریوالہ شہزاد ڈوگر نے سینکڑوں طلبہ کیساتھ ان کا خیر مقدم کیا۔ امن کانفرنس کا آغاز تلاوت قرآن مجید اور نعت رسول مقبول سے ہوا۔ صدر ایم ایس ایم وہاڑی چوہدری عبدالقدیر چاند نے استقبالیہ کلمات ادا کرتے ہوئے معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور حاضرین کا شکریہ ادا کیا۔

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا کہ امن کانفرنس کا انعقاد قابل تحسین کاوش ہے۔ سانحہ پشاور میں دہشتگردوں نے ہمارے مستقبل پر حملہ کیا ہے۔ اب ہم سب نے مل کر معاشرے سے دہشتگردی کے ناسور کا خاتمہ کرنا ہے۔ یہ اسی صورت ممکن ہے کہ جب پوری قوم متحد ہو کر جدوجہد کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے سب سے پہلے فوجی عدالتوں کی بات کی اور 14 نکات پیش کیے جن پر کاملاً عمل کر لیا جائے تو ملک سے دہشتگردی کا خاتمہ ممکن ہے۔ دہشتگردی کیخلاف ڈاکٹر طاہرالقادری کے چھ سو صفحات کے فتویٰ کو شامل نصاب کیا جائے تا کہ نوجوانوں کی درست سمت میں راہنمائی ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ قائد انقلاب مارچ کے پہلے دو ہفتوں کے اندر پاکستان واپس آئیں گے۔ ہم پاکستان میں اپنی انقلابی و سیاسی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ پاکستان عوامی تحریک اپنے شہداء کے خون کا حساب لے گی اور ہم قاتلوں کے قصاص سے کم کسی بات کو تسلیم نہیں کریں گے۔

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری عرفان یوسف نے کہا کہ آج جس کالج کے سامنے امن کانفرنس سے شرکاء سے مخاطب ہوں اسی کالج سے میں نے اپنے تنظیمی کیریئر کا آغاز کیا اور اس وقت کی غنڈہ گرد طلبہ تنظیم کے خوف کے باوجود علم، امن، قدم قدم کا نعرہ بلند کیا۔ آج ایم ایس ایم سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بعض لوگ تعلیمی اداروں کے اندر طالبان کی ہمدردی اور متشدد نظریات کو فروغ دینے میں سرگرم عمل ہیں جس کی اجازت ہرگز نہ دی جائے گی۔ طلبہ امن چاہتے ہیں اور امن ہی کے ذریعے ترقی ممکن ہے۔

کانفرنس سے مرکزی نائب صدر ایم ایس ایم رضی طاہر، ضلعی صدر ایم ایس ایم علی عمران جٹ، ممبر سنٹرل کیبنٹ ایم ایس ایم رضوان یوسف، ضلعی صدر PAT یوتھ ونگ شہباز جٹ، چوہدری اقبال یوسف، چوہدری مصطفی راؤ، ڈویژنل سیکرٹری انفارمیشن PAT راؤ عارف رضوی، چوہدری مصطفی نذیر نے بھی خطاب کیا۔

تبصرہ

Top