وہاڑی: بورے والا میں مصطفوی سٹوڈنٹ موومنٹ کے نومنتخب عہدیداران کی حلف برداری کی تقریب

مصطفوی سٹوڈنٹ موومنٹ کی ضلعی، تحصیلی، سٹی اور کالج سطح کی تنظیم نو کے بعد نومنتخب عہدیداران کی حلف برداری کی تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی پاکستان عوامی تحریک جنوبی پنجاب کے صدر چوہدری فیاض احمد ورائچ تھے۔ تقریب میں تحریک منہاج القرآن کے نائب ناظم اعلیٰ تنویر احمد خان، مصطفوی سٹوڈنٹ موومنٹ کے مرکزی صدر چوہدری عرفان یوسف، ایم ایس ایم جنوبی پنجاب کے صدر سردار شہزاد احمد ڈوگر، پیٹ سٹی بورے والا کے صدر افضال طاہر بھٹی اور سید خادم حسین بخاری شریک تھے۔

تقریب میں جن عہدیداران نے حلف اُٹھایا ان میں مصطفوی سٹوڈنٹ موومنٹ ضلع وہاڑی کے صدر ملک بابر لنگڑیال، چیئرمین چوہدری محسن آرائیں، نائب صدر سردار خوشحال ڈوگر، مصطفوی سٹوڈنٹ موومنٹ تحصیل بورے والا کے سینئر صدر شیخ وقاص قاسمی، صدر محمد اکرم بھٹی، سیکرٹری جنرل شہباز احمد ملکا، سٹی چیئرمین ملک ساجد لنگڑیال، وائس چیئرمین ابوبکر ڈوگر، سٹی سینئر صدر عمار احمد شانی، سٹی صدر چوہدری عمیر جٹ، کالج چیئرمین سردار محمد عالم ڈوگر، وائس چیئرمین محمد بوٹا بھٹی، کالج صدر ملک عابد لنگڑیال، نائب صدر راؤ فرحان، سینئر صدر رضا احمد گوندل، نائب صدر راؤ فرحان احمد اور سیکرٹری جنرل محمد منشاء چوہان شامل تھے۔ پاکستان عوامی تحریک جنوبی پنجاب کے صدر چوہدری فیاض احمد ورائچ نے نومنتخب عہدیداران سے حلف لیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری فیاض احمد ورائچ نے کہا ہے کہ پنجاب میں نیب کی کاروائیوں پر کس کی دم پر پاؤں آیا ہے یہ پوری قوم جان چکی ہے جس کے ردعمل میں وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید نے نیب کے ناخن کاٹنے کی دھمکی بھی دی ہے۔ ن لیگ اور پیپلز پارٹی اب اپنے چہروں سے نقاب اُترتا دیکھ کر نیب کے خلاف کاروائی کا مشترکہ منصوبہ بنانے کی کوششیں کر رہے ہیں۔ قوم کے کھربوں روپے ہڑپ کرکے بیرون ملک منتقل کرنے والے ملک دشمنوں کے بےرحمانہ احتساب کا وقت آگیا ہے اور نیب کو چاہئے کہ وہ ملک لوٹنے والوں کے خلاف بلاتفریق کاروائی جاری رکھے۔ پرویز رشید اور رانا ثناء اللہ کے ہوتے ہوئے حکومت کو کسی دشمن کی ضرورت نہیں۔ اُنکے اشتعال انگیز اور نفرت بھرے بیانات حکومت کے لیے مشکلات میں اضافہ کر رہے ہیں۔ تقریب سے چوہدری عرفان یوسف، تنویر احمد خاں، افضال طاہر بھٹی، سردار شہزاد احمد ڈوگر اور سید خادم حسین بخاری نے بھی خطاب کیا۔

رپورٹ: چوہدری اصغر علی جاوید

تبصرہ

Top