منہاج ایجوکیشن سوسائٹی کے آل پاکستان تقریری مقابلہ جات 2010ء

منہاج ایجوکیشن سوسائٹی کے زیراہتمام آل پاکستان تقریری مقابلہ کا انعقاد ماہ جنوری 2010ء میں ملک بھر کے سکولز میں کیا گیا۔ مقابلہ جات میں پاکستان بھر سے منہاج ماڈل سکولز کے طلبہ و طالبات نے شرکت کی۔ پرائمری کی سطح پر تقریری مقابلہ جات کا موضوع ’’شیخ الاسلام پروفیسر ڈاکٹرمحمد طاہر القادری کا بچپن‘‘ تھا۔ اس میں منہاج ماڈل سکول کامرہ کینٹ کی طالبہ ندا شاہد نے پہلی پوزیشن حاصل کی۔ منہاج ماڈل سکول حویلی لکھا کے طالب علم عبدالقدیر نے دوسری اور منہاج ماڈل سکول بھروکے چیمہ تحصیل وزیرآباد کے طالب علم حیدر علی نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔

مڈل حصہ میں موضوع ’’شیخ الاسلام پروفیسر ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی تعلیمی خدمات‘‘ تھا، جس میں منہاج ماڈل سکول ٹاؤن شپ لاہور کے طالب علم محسن شبیر اول رہے۔ منہاج ماڈل سکول کامرہ کینٹ کی بشریٰ یونس دوسری اور منہاج ماڈل سکول پنن وال ضلع جہلم کی کرن کائنات شیریں نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔

میٹرک کی سطح پر طلبہ و طالبات کے لیے ’’اس دور زوال میں منہاج سکولز سسٹم کی ضرورت کیوں؟‘‘ کا موضوع رکھا گیا۔ اس میں منہاج ماڈل سکول ڈومالہ سیالکوٹ کی طالبہ رابعہ لیاقت نے پہلی، ساجد عباسی طالب علم منہاج ماڈل سکول ٹاؤن شپ لاہور نے دوسری اور تیسری پوزیشن خالد نواز طالب علم منہاج ماڈل سکول کوٹ مومن ضلع سرگودھا نے حاصل کی۔

مقابلہ جات کے اختتام پر تقریب تقسیم انعامات ہوئی جس کی صدرات منہاج ایجوکیشن سوسائٹی کے ایم ڈی محمد شاہد لطیف نے کی جبکہ چیئرمین منہاج ایجوکیشن سوسائٹی اور معروف قانون دان ایس ایم ظفر مہمان خصوصی تھے۔ قائمقام ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن شیخ زاہد فیاض بھی معزز مہمانوں میں شامل تھے۔

تقریب میں تقریری مقابلہ جات کے آرگنائزر اور منہاج سکولز کے ڈپٹی ڈائریکٹر رانا طاہر سلیم خاں نے ان مقابلوں کی غرض و غایت بیان کی۔ انہوں نے ہاؤس کو بتایا کہ پہلے یہ مقابلہ جات ہر ضلع میں منعقد ہوئے اور پھر ضلعی سطح پر پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ کے مابین زونل سطح پر مقابلہ جات کرائے گئے۔ زونل سطح کے فاتح طلبہ کے درمیان آل پاکستان تقریری مقابلہ جات کا انعقاد کیا گیا۔

چیئرمین MES ایس ایم ظفر، ڈائریکٹر MES شاہد لطیف قادری اور قائمقام ناظم اعلیٰ شیخ زاہد فیاض نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ منہاج ایجوکیشن سوسائٹی کی طرف سے تقریری مقابلہ جات کا انعقاد بہت اچھا قدم ہے۔ اس سے طلبہ میں آگے بڑھنے کا جذبہ مزید بڑھے گا۔ یہ طلبہ کی ذہنی نشوونما کا ایک ذریعہ ہے اور انہی طلبہ میں سے کل کو ملک کی بھاگ دوڑ سنبھالیں گے۔ تمام مقررین نے آل پاکستان تقریری مقابلہ جات کے انعقاد پر آرگنائزنگ کمیٹی، پوزیشن ہولڈر سٹوڈنٹس اور ان کے اداروں کے سربراہان کو مبارکباد بھی پیش کی۔

آخر پر مہمان خصوصی ایس ایم ظفر نے اپنے دست مبارک سے پوزیشن ہولڈر سٹوڈنٹس میں انعامات اور Participants کی خصوصی اسناد بھی تقسیم کیں۔ پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ کو مبلغ 5000 روپے فی کس، دوسری پوزیشن حاصل کرنے والے سٹوڈنٹس کو مبلغ 4000 روپے فی کس اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والے سٹوڈنٹس کو مبلغ 3000 روپے فی کس نقدی انعامات دیئے گئے۔

اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر MES محمداقبال ڈوگر، ڈپٹی ڈائریکٹر MES محمد اقبال شریف، کنٹرولر امتحانات MES سیف اللہ بھٹی، ڈپٹی ڈائریکٹر منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن افتخار احمد بخاری اور مرکزی سیکرٹری جنرل مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ ساجد محمود گوندل کے علاوہ تعلیمی اداروں کے سربراہان بھی موجود تھے۔ تقریب تقسیم انعامات کا اختتام خصوصی دعا سے ہوا۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top