ظہور احمد نیازی کو منہاج القرآن انٹرنیشنل برطانیہ کا مرکزی امیر مقرر کر دیا گیا

آکسفورڈ ( آفتاب بیگ) بانی و سرپرست اعلیٰ منہاج القرآن انٹرنیشنل شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے گذشتہ دنوں لندن میں منہاج القرآن کے مرکزی عہدیداران سے میٹنگ کے دوران برطانیہ کی معروف علمی اور ادبی شخصیت ظہور احمد نیازی کو منہاج القرآن انٹرنیشنل برطانیہ کا مرکزی امیر نامزد کیا ہے۔

ظہور احمد نیازی عرصہ دراز تک صحافتی ذمہ داریاں نبھاتے ہوئے بیرون ملک آباد پاکستانیوں کی دینی، سیاسی اور سماجی سطح پر خدمت کرتے رہے ہیں اس دوران انہوں نے دیگر تنظیموں کی طرح منہاج القرآن کے پروگراموں میں شرکت کی اور وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ ان کی دین سے محبت اور حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے عشق کے تعلق نے اس شراکت کو منہاج القرآن کے ساتھ قریبی، علمی و ادبی اور محبت کے رشتے میں بدل دیا۔ ان کی خدمات کے پیش نظر منہاج القرآن کی دنیا بھر میں احیائے اسلام کی جاری تحریک کو مزید فعال بنانے کے لئے ان کو یہ اہم ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ اس موقع پر منہاج القرآن انٹرنیشنل کے مرکزی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے شیخ الاسلام کے اس اعلان کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے اسے منہاج القرآن کے کارکنوں کے لئے تازہ ہوا کا جھونکا قرار دیا۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ ظہور نیازی کی قیادت میں منہاج القرآن برطانیہ میں نئے دور کا آغاز ہوگا اور موجودہ عالمی حالات میں دین اسلام اور امت مسلمہ جن مشکل حالات سے گزر رہے ہیں منہاج القرآن برطانیہ ان کی راہنمائی میں اسلام کے حقیقی پیغام کو عام کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔

ظہور احمد نیازی نے اس اہم ذمہ داری کے سونپے جانے پر شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنے دور صحافت کے دوران ہمیشہ اسلام اور پاکستان کو اپنی ترجیحات میں سرفہرست رکھا اور اب اس گراں قدر ذمہ داری کی ادائیگی کے لئے اپنی تمام تر توانائیاں بروئے کار لاتے ہوئے منہاج القرآن کے کارکنوں اور بانی ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی امیدوں پر پورا اترنے کی کوشش کروں گا۔ منہاج القرآن برطانیہ کے صدر علامہ افضل سعیدی، سیکرٹری جنرل طاہر محمد سمیت دیگر راہنماؤں ابو احمد الشیرازی، اشتیاق احمد قادری، داؤد حسین مشہدی، ڈاکٹر زاہد اقبال، مسلم لیگ یوتھ کے صدر خالد تحسین اور علامہ صادق قریشی نے بھی ظہور نیازی کو نئی ذمہ داری ملنے پر مبارکباد پیش کی۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top