توانائی کے حالیہ بحران کا حل نکالنا حکومت کی اولین ذمہ داری ہے : بشارت علی چوہدری

تحریک منہاج القرآن میرپور کے صدر پروفیسر بشارت علی چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان بدترین معاشی بحران کی لپیٹ میں ہے جبکہ عوام توانائی کے اذیت ناک بحران کا ڈائریکٹ نشانہ بنے ہوئے ہیں۔ بے روزگاری، مہنگائی، دہشت گردی او ر عدم تحفظ کے شدید احساس نے پہلے ہی عوام کی زندگی اجیرن کر رکھی تھی مگر پٹرول، چینی، لوڈشیڈنگ ، اوور بلنگ اور بجلی کے نرخوں میں حالیہ اضافے نے تو ان سے جینے کا حق بھی چھین لیا ہے۔

عوامی حکومت ان مسائل کے حل کیلئے فوری اقدامات کرے ورنہ با لاآخر انہیں عوامی عدالت کا سامناکرنا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ میرپور یونیورسٹی MUST سے آئے ہوئے طلبہ کے وفد سے ملاقات کے دوران موجودہ ملکی حالات پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت وطن عزیز مسائل کی دلدل میں پھنسا ہوا ہے ۔ فوجی اور عوامی حکومتوں نے آج تک ڈیمز کے مسئلے کو حل کرنے کی بجائے اسے سیاسی ضرورت کیلئے استعمال کیا ہے جو ایک المیہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ توانائی کے حالیہ بحران کا حل نکالنا حکومت کی اولین ذمہ داری ہے۔ اس سلسلے میں شارٹ اور لانگ ٹرم پلاننگ کرکے فوری اقدامات کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ کالا باغ ڈیم کے ساتھ ساتھ چھوٹے ڈیم بنائے جائیں تاکہ آنے والے سالوں میں توانائی سمیت زرعی بحران سے بچا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی اور بے روزگاری کے خاتمے کیلئے بھی فوری فیصلے کرنے کی ضرورت ہے، عوام کو اشیائے ضروریہ پر سبسڈی دی جائے، معاشی بحران پر قابو پانے کیلئے ملک میں امن قائم کیا جائے تاکہ بیرونی سرمایہ کار ملک میں سرمایہ کاری کرنے میں ہچکچاہٹ محسوس نہ کریں۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top