نظامت دعوت و تربیت کے زیراہتمام معلمین و معلمات کیلئے تربیتی کیمپ شروع

تحریک منہاج القرآن کی نظامت دعوت و تربیت نے 22 دسمبر 2010 ء کو معلمین و معلمات کیلئے 10 روزہ تربیتی کیمپ مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں شروع ہو گیا ہے۔ کیمپ میں ملک بھر سے 150 سے زائد معلمین و معلمات سکالرز شریک ہیں۔ کیمپ میں شریک سکالرز کو علم التجوید، تفسیر، گرائمر اور طریقہ تدریس پر مشتمل عرفان القرآن (ترجمہ قرآن) کا نصاب پڑھایا جا رہا ہے۔ دس روزہ تربیت کے بعد کیمپ میں شرکت کرنے والے سکالرز ملک بھر میں "عرفان القرآن " اور "آئیں دین سیکھیں" کورسز کیلئے اپنی خدمات پیش کریں گے۔

کیمپ میں صاحبزادہ مسکین فیض الرحمٰن درانی، علامہ پروفیسر محمد نواز ظفر چشتی، علامہ رانا محمد ادریس، علامہ غلام مرتضیٰ علوی، احمد نواز انجم، علامہ سعید رضا بغدادی، وقار شاہ گیلانی اور ڈائریکٹر عرفان القرآن کورس محمد شریف کمالوی مختلف دینی، فقہی اور تکنیکی موضوعات پر لیکچر دے رہیں ہیں۔

تربیتی کیمپ کا بنیادی مقصد فہم قرآن کے ساتھ ساتھ جدید اور آسان طریقہ تدریس کی تربیت دینا ہے تاکہ معلمین فیلڈ میں عوام کو درست طریقہ سے قرآن پڑھنا اور سمجھنا سکھا سکیں۔

کیمپ میں محمد شریف کمالوی نے تربیتی کورس کی غرض و غایت بیان کی۔ انہوں نے کہا کہ رجوع الیٰ القرآن تحریک منہاج القرآن کے اولین مقاصد میں سے ایک ہے۔ ادھر آج عوام کا قرآن مجید سے تعلق رسمی نوعیت کا بن گیا ہے۔ مادیت نے ہمارے معاشرے کا سکون چھین لیا ہے۔ اس کیمپ کے ذریعے ایسے افراد تیار کرنا مقصود ہے جو عوام کو قرآن مجید کے ساتھ کمزور یا ٹوٹ جانے والے تعلق کو بحال اور مضبوط کرنے میں عملی مدد دیں۔

انہوں نے کہا کہ قرآن مجید کو پڑھ کر، سمجھ کر اور ارشادات ربانی پر عمل پیرا ہو کر ہی ہم حقیقی مسلمان بن سکتے ہیں۔ دس روزہ کورس کا تربیتی نصاب کہنہ مشق اور اساتذہ کی کئی سالوں کی عرق ریزی کے بعد تیار کیا گیا ہے جو معلمین کو فکری اور تکنیکی اعتبار سے بااعتماد بنا دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن کی نظامت دعوت و تربیت کے سکالرز پورے ملک میں فہم قرآن کیلئے جو خدمات سر انجام دے رہے ہیں، اس سے معاشرے میں مثبت قدروں کے فروغ میں بہت مدد ملے گی۔

کیمپ کا باقاعدہ اختتام یکم جنوری 2011ء کو ہوگا، اس موقع پر شرکاء میں اسناد بھی تقسیم کی جائیں گی۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top