پاکستان عوامی تحریک نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہونے والے حالیہ اضافے کو مسترد کر دیا: انوار اختر ایڈووکیٹ

مورخہ: 01 مارچ 2011ء

اضافہ واپس نہ لیا گیا تو پاکستان عوامی تحریک ملک گیر احتجاج کا اعلان کرے گی
غریبوں کے نام پر اقتدار حاصل کرنے والی جماعت ہی کے دور میں غریبوں کا استحصال ہو رہا ہے
پاکستان عوامی تحریک کی سینٹرل ورکنگ کونسل کے ہنگامی اجلاس میں گفتگو

پاکستان عوامی تحریک نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہونے والے حالیہ اضافے کو مسترد کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ واپس لے۔ اگر مطالبہ فوری پورا نہ کیا گیا اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ واپس نہ لیا گیا تو پاکستان عوامی تحریک ملک گیر احتجاج کا اعلان کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار سیکرٹری جنرل پاکستان عوامی تحریک انوار اختر ایڈووکیٹ نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے اعلان کے فوری بعد مرکزی سیکرٹریٹ میں پاکستان عوامی تحریک کی سینٹرل ورکنگ کونسل کے ہنگامی اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کی بجائے کمی کرے۔ روٹی، کپڑا، مکان اور روزگار کا منشور دے کر غریبوں کے نام پر اقتدار حاصل کرنے والی جماعت ہی کے دور میں غریبوں کا استحصال ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئے روز پٹرولیم مصنوعات، بجلی، گیس کے بلوں اور اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں ہوشرباء اضافے نے عوام کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ غریبوں کے چولہے ٹھنڈے پڑے ہوئے ہیں اور چاروں طرف بے روزگاری اور لاقانونیت کا راج ہے مگر ارباب اقتدار کے محلوں اور ایوانوں کے شاہانہ اخراجات اضافہ ہی ہوتا چلا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکمران پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے باز آ جائیں اور عوام پر ظلم کے پہاڑ توڑنے بند کریں ورنہ ایسا ملک گیر احتجاج ہو گا جو تبدیلی کی نوید ثابت ہو گا۔ سینٹرل ورکنگ کونسل کے اجلاس سے گفتگو کرتے ہو ئے انوار اختر ایڈووکیٹ نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کی خبر عوام کے لیے تازیانہ بن کر سامنے آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں استحکام کے باوجود پاکستان میں قیمتوں میں اضافہ عوام دشمن پالیسوں کا مظہر ہے۔ عوام میں حکومت کے خلاف نفرت بڑھتی جا رہی ہے۔ ایک طرف عوام مہنگائی کی چکی میں پہلے ہی پس رہے ہیں تو دوسری طرف صوبے اور مرکز میں حکمران جماعتیں خرید و فروخت کے ذریعے اقتدار کو طول دینے کیلئے کوشاں ہیں۔ اگر سیاسی جماعتوں نے ابھی بھی ہوش کے ناخن نہ لیے تو عوام کا اعتماد جمہوریت سے اٹھ جائے گا۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top