حکومت کا رمضان المبارک میں لوڈ شیڈنگ کو دگنا کرنے کا فیصلہ ظالمانہ ہے: فیض الرحمن درانی

اعلیٰ عدلیہ کے فیصلوں کو ہوا میں اڑانے کی حکومتی روش ملکی ترقی کی راہ میں بڑی رکاوٹ ہے
پاکستان عوامی تحریک کے صدر فیض الرحمن درانی کی وکلاء کے وفد سے گفتگو

پاکستان عوامی تحریک کے صدر فیض الرحمن درانی نے کہا ہے کہ حکومت کا رمضان المبارک میں لوڈ شیڈنگ کو دگنا کرنے کا فیصلہ ظالمانہ ہے جسکی مذمت کرتے ہیں، حکومت کی اب تک کی کارکردگی عوام کو مسائل کی دلدل میں اتارنے کے سوا کچھ نہیں ہے۔ کراچی میں راکٹ اور دستی بم آزادانہ طور پر استعمال ہورہے ہیں، شرپسندوں کو پوچھنے والا کوئی نہیں،  حکومتی رٹ کہیں دکھائی نہیں دیتی۔ اعلیٰ عدلیہ کے فیصلوں کو ہوا میں اڑانے کی حکومتی روش ملکی ترقی کی راہ میں بڑی رکاوٹ ہے۔ اداروں کے درمیان یہ صورتحال مستقبل کی سنگینی کو ظاہر کرتی ہے جسکی ذمہ داری حکومت پرہوگی۔ وہ بہاولنگر سے آئے ہوئے پاکستان عوامی تحریک کے وکلاء کے وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کررہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ عوامی مسائل میں دن بدن اضافہ ہو رہا ہے،  رمضان جیسے مقدس مہینے کا احترام کرنے کی بجائے عوام کو مہنگائی اور ڈبل لوڈشیڈنگ کا مژدہ سنا دیا گیا ہے۔ بجلی کے نرخوں میں اضافے کا فیصلہ عوام کو زندہ درگور کرنے کے مترادف ہے۔ حکومت معاشی استحکام کی طرف بڑھنے کی بجائے عوام اور ملک دونوں کو بحران کا شکار کرچکی ہے۔ عوام کو حکومت کی ان پالیسیوں کے خلاف اٹھنا ہوگا اور اس کی بہترین صورت موجودہ انتخابی نظام کے خلاف شعوری بیداری کی مہم میں شریک ہونا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام تہیہ کریں کہ وہ ووٹ کی طاقت کا درست استعمال کرتے ہوئے مفاد پرست سیاستدانوں کو اقتدارکے ایوانوں سے نکال باہر کریں گے۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top