نظام انتخاب کے خلاف بیداری شعور عوامی ریلی 18 دسمبر کو لیاقت باغ میں ہو گی۔ شیخ الاسلام اہم اعلان کریں گے۔

سرد موسم میں سیاست کا ماحول گرم ہو رہا ہے کہیں تبدیلی کی باتیں ہو رہی ہیں تو کہیں الیکشن کی مگر تحریک منہاج القرآن نظام انتخاب کی تبدیلی کے ایجنڈے کے ساتھ میدان عمل میں اتر چکی ہے۔ موجودہ انتخابی نظام ملک و قوم کا سب سے بڑا دشمن ہے اس لئے عوام کو ریاست بچانے کیلئے نظام انتخاب کے خلاف بغاوت کرنا ہوگی۔ موجودہ کرپٹ انتخابی نظام کے تحت ہو نے والے الیکشن ملک کو مسائل کی دلدل سے کبھی نہیں نکال سکتے۔ ان خیالات کا اظہار مرکزی سیکرٹری اطلاعات قاضی فیض الاسلام نے مرکزی سیکرٹریٹ تحریک منہاج القرآن کے ماہانہ مشاورتی اجلاس میں گفتگو کے دوران کیا۔ قاضی فیض الاسلام نے کہا کہ تبدیلی نظام کیلئے ناصر باغ سے آغاز ہو چکا ہے۔ 18 دسمبر کو لیاقت باغ میں ہونے والی بیداری شعور ریلی راولپنڈی کی تاریخ میں بڑا عوامی اجتماع ہو گا جس میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نظام انتخاب کی تبدیلی کے حوالے سے اہم اعلان کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی نظام سے غنڈہ گردی، برادری ازم، وننگ ھارسز اور کرپشن کو ختم کئے بغیر کبھی بھی ملک میں حقیقی تبدیلی نہ آسکے گی۔ عوام کو اس نظام کے خاتمے کے لئے جمہوری جدوجہد کرنا ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ لیاقت باغ میں ہونے والی عوامی ریلی کیلئے 25 انتظامیاں کمیٹیاں تشکیل دے دی گئی ہیں۔ مرکزی کمیٹی کے نگران سینئر نائب ناظم اعلیٰ شیخ زاہد فیاض، سربراہ امیر پنجاب احمد نواز انجم جبکہ نائب سربراہ ساجد محمود بھٹی اور انار خان ہیں۔ سیکرٹری کی ذمہ داری راجہ ساجد محمود کے سپرد کی گئی ہے۔ تشہیر، پنڈال، ساؤنڈ سکرین سیکورٹی، میڈیکل، فنانس، پارکنگ اور دیگر کمیٹیاں بھی تشکیل دے دی گئی ہیں جو روزانہ کی بنیاد پر سربراہ شیخ زاہد فیاض کو رپورٹ کریں گی۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top