ملک و قوم کی دشمن شخصیات یا جماعتیں نہیں بلکہ ظالمانہ استحصالی انتخابی نظام ہے : ڈاکٹر رحیق احمد عباسی

عوام انتخابی اصلاحات تک چین سے نہ بیٹھیں
تحریک منہاج القرآن نظام کی تبدیلی کے لئے میدان ِعمل میں اتر چکی ہے

پاکستان میں بے پناہ ٹیلنٹ ہے مگر موجودہ کرپٹ انتخابی نظام انہیں آگے آنے کا موقع فراہم نہیں کرتا۔ موجودہ مسائل کا حل تین سال کیلئے غیر سیاسی حکومت کا قیام ہے، جو ملک کو نیا سوشل آرڈر، نیا سیاسی نظام دے تا کہ ملک میں حقیقی جمہوریت کا قیام ممکن ہو سکے۔ ان خیالات کا اظہار تحریک منہاج القرآن کے ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے منہاج القرآن یوتھ لیگ کے زیراہتمام مرکزی سیکرٹریٹ میں ہونے والی ایک فکری نشست میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر بابر چوہدری،طیب ضیاء اور رفیق صدیقی بھی موجود تھے۔

ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا کہ موجودہ کرپٹ انتخابی نظام کے حوالے سے ریفرنڈم کرایا جائے، عوام موجودہ کرپٹ اور ظالمانہ انتخابی نظام کی خرابیوں کے خلاف بغاوت کر دیں اور جب تک الیکشن کمیشن انتخابی نظام میں اصلاحات نہ کرے، تب تک عوام چین سے نہ بیٹھیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک و قوم کی دشمن کچھ شخصیات یا جماعتیں نہیں بلکہ ظالمانہ استحصالی انتخابی نظام ہے جس نے عوامی خوشحالی اور ملک ترقی کو غصب کر رکھا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے نام نہاد جمہوری کلچر کے تحت ہونے والے انتخابات کی دھاندلیاں موجودہ انتخابی نظام کا ہی شاخسانہ ہیں جس کا تسلسل آج بھی جاری ہے۔ جب تک موجودہ کرپٹ نظام انتخاب کو جڑ سے اکھاڑا نہیں جاتا، ملک کے 2 فی صد طبقات 98 فی صد عوام کے حقوق پر عیاشی کرتے رہیں گے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ عوام موجودہ فرسودہ، ظالمانہ اور کرپٹ نظام کی خرافات کو پوری شدت سے محسوس کر کے اس کے خلاف منظم جدوجہد کا آغاز کر دیں۔ تبدیلی کے نام پر قوم کو بے وقوف بنانے والے سن لیں اب ا ن کی سیاسی چالیں ناکام ہوں گی کیونکہ تحریک منہاج القرآن نظام کی تبدیلی کے لئے میدان ِعمل میں اتر چکی ہے۔ 23 دسمبر کو مینار پاکستان میں ہونے والے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے تاریخی عوامی استقبال میں لاکھوں مرد و خواتین شرکت کریں گے اور یہ استقبال ملک میں نئے مثبت رجحان کو جنم دے گا۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top