23 دسمبرکو 14 اگست 1947 کی تجدید ہو گی۔ ڈاکٹر طاہر القادری

موجودہ کرپٹ نظام سے سیاسی و مذہبی جماعتوں کے کارکنان کی جان چھڑانے آ رہا ہوں
پاکستان کی تاریخ کے سب سے بڑے اجتماع میں قائد اعظم کے پاکستان کی بنیاد رکھی جائے گی
23 دسمبر کو ہر فرد پاکستان کا جھنڈا لے کر آئے، کسی کو پارٹی فلیگ لانے کی اجازت نہ ہو گی
منہاج القرآن یوتھ لیگ کی ایگزیکٹو کے اجلاس سے ٹیلی فونک خطاب

شیخ الاسلام ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا ہے کہ 23 دسمبر کو 14 اگست 1947 کی تجدید ہو گی۔ موجودہ ظالمانہ، کرپٹ اور فرسودہ نظام انتخاب سے پاکستان کی سیاسی و مذہبی جماعتوں کے کارکنان کی جان چھڑانے آ رہا ہوں۔ 23 دسمبر کو مینار پاکستان میں 19 کروڑ عوام کے دل کی آواز موجودہ نظام کے خلاف ابھرے گی۔ جس نے ان کیلئے پارلیمنٹ میں داخل ہونے کے دروازے بند کر رکھے ہیں۔ میرے کوئی سیاسی عزائم نہیں، میں اور میری پارٹی قطعاً الیکشن نہیں لڑیں گے۔ میرا ایجنڈا الیکشن سے پہلے انتخابی اصلاحات کا ہے۔ اصلاحات کے بغیر الیکشن ملک و قوم کو تباہی کے گڑھے میں دھکیلنا ہو گا۔ 23 دسمبر 19 کروڑ عوام کو حقوق دلانے کی جدوجہد کے آغاز کے حوالے سے تاریخ کا حصہ بن جائے گا۔ پاکستان کی تاریخ کے سب سے بڑے اجتماع میں قائد اعظم کے پاکستان کی بنیاد رکھی جائے گی۔ اس دن ایسا ایجنڈا دوں گا جو معاشرے کے ہر طبقے کے دل کی آواز ہو گا۔

وہ گذشتہ روز منہاج القرآن یوتھ لیگ کی ایگزیکٹو کے اجلاس سے ٹیلی فونک خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر بابر چودھری، رفیق صدیقی، طیب ضیاء اور دیگر یوتھ قائدین بھی موجود تھے۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ 23 دسمبر کو ہر فرد پاکستان کا جھنڈا لے کر آئے، کسی کو پارٹی فلیگ لانے کی اجازت نہ ہو گی۔ اللہ کے فضل سے مینار پاکستان کے پنڈال اور اس طرف آنے والی ہر سڑک پر انسانی سروں کی فصل اگی ہو گی اور لاکھوں افراد کے ہا تھوں میں قومی پرچم لہرا رہا ہو گا۔ عوام کا جم غفیر چشم تصور میں خود کو 23 مارچ 1940 کے اجتماع میں محسوس کرے گا۔ مینار پاکستان ایک دفعہ پھر وہی نظارہ دیکھے گا جو اس نے 72سال قبل دیکھا تھا۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ منہاج القرآن یوتھ لیگ کا ہر جوان امن و محبت کا سفیر ہے۔ لاکھوں نوجوانوں نے ملک بچانے کیلئے وہی کردار ادا کرنا ہے جو اس سے قبل وہ تحریک پاکستان میں ادا کر چکے ہیں۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top