کرپشن ملکی ترقی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ بن چکی ہے۔ ڈاکٹر رحیق عباسی

کرپشن ملکی ترقی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ بن چکی ہے۔
کرپشن ملک سے توانائی کا بد ترین بحران ختم ہونے نہیں دیتی۔
پاکستان عوامی تحریک کی جدوجہد عوام کی تائید سے نظام کی تبدیلی کی منزل سے ہمکنار ہو کر رہے گی۔ ڈاکٹر رحیق عباسی

لاہور : پاکستان کو درپیش بحرانوں کی وجوہات کو اگر کسی ایک لفظ میں سمو کر بیان کر دیا جائے تو وہ لفظ ’’کرپشن ‘‘ہے۔ یہ وہ دیمک ہے جس نے قومی وسائل ہی کو ہڑپ نہیں کیا بلکہ اسلام کے نام پر حاصل ہونے والے اس ملک کی اخلاقی قدروں کو بھی بری طرح پامال کیا ہے۔ اب حالات یہ ہو گئے ہیں کہ کرپشن کو ہمارے معاشرے میں برائی سمجھا ہی نہیں جاتا۔ یہی وجہ ہے کہ کبھی کوئی حکمران کرپشن کو قانونی حیثیت دینے کیلئے آرڈیننس لے آتا ہے تو کوئی آئینی استثنا کی آڑ میں خود کو کرپشن کی سزا سے ماورا سمجھنے لگتا ہے۔ ہمارے معاشرے میں رائج انہی رویوں نے کرپشن کی جڑوں مضبوط کیا ہے۔

ان خیالات کا اظہار پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے پاکستان عوامی تحریک لاہور کے زیر اہتمام مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقدہ سیمینار ’’پاکستان کو درپیش بحران اور وجوہات‘‘ کے موضوع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ جبکہ اس موقع پرخرم نواز گنڈا پور، فیاض وڑائچ، چوہدری افضل گجر، حافظ غلام فرید، میاں افتخار و دیگر بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ آج کرپشن ملکی ترقی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ بن چکی ہے۔ زکوۃ و عشر سے لے کر تعلیم تک ، آمد و رفت سے لے کر احتساب تک پاکستان کا کوئی ایک محکمہ بھی ایسا نہیں جسے کرپشن سے مبرا قرار دیا جا سکے۔ اسی کرپشن کے باعث 80 ملین پاکستانیوں کودو وقت کا کھانا بھی میسر نہیں۔

اسی کرپشن کی وجہ سے غربت میں کمی کی بجائے روز بروز اضافہ ہوتا جا رہا ہے اور یہی کرپشن نا انصافی کا شکار ہونے والوں کو بر وقت انصاف مہیا نہیں ہونے دیتی۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن کے اثرات نے غریب معصوم بچوں سے ان کا بچپن چھین کر انہیں مزدور بنا دیا ہے اور اسی کرپشن نے بے روزگاری میں اضافہ کر کے نوجوانوں کو جرائم کا راستہ دکھایا ہے۔

ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا کہ کرپشن ملک سے توانائی کا بد ترین بحران ختم ہونے نہیں دیتی۔ کرپشن ہی وہ زہر ہے جس نے معاشرے کو مفلوج کر کے رکھ دیا ہے۔ زندہ قومیں کرپشن کے خلاف جنگ کرتی ہیں۔ کوئی آرڈیننس پاس کر کے اسے قانونی تحفظ فراہم نہیں کرتیں۔ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا کہ امن و امان کی ابتر صورتحال نے ملکی معیشت پر گہرے منفی اثرات مرتب کئے ہیں جس کے باعث عوام براہ راست مسائل کی دلدل میں دھنستے جا رہے ہیں۔ مہنگائی، لوڈشیڈنگ، ٹارگٹ کلنگ اور دہشت گردی کا عفریت عوام کی خوشحال کو نگل رہا ہے اورایک یا 2فی صد مراعات یافتہ طبقہ عیاشیاں کر رہا ہے۔ آئیندہ نسلوں کا مستقبل گروی رکھ دیا گیا ہے۔ پاکستان عوامی تحریک کی جدوجہد عوام کی تائید سے نظام کی تبدیلی کی منزل سے ہمکنار ہو کر رہے گی۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top