حکومت روپا ترمیمی بل نئے کاغذات نامزدگی فارم کی فوری منظوری دے۔ ڈاکٹر طاہر القادری

مورخہ: 09 مارچ 2013ء

غیر آئینی انتخابات ملک کی مزید تباہی اور کرپشن میں اضافہ کا باعث ہونگے

پاکستان عوامی تحریک کے قائد شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کہا کہ حکومت روپا ترمیمی بل اور الیکشن کمیشن آف پاکستان کی طرف سے جاری کئے گئے نئے کاغذات نامزدگی فارم کی فوری منظوری دے۔ آرٹیکل 218 کے تحت الیکشن کمیشن آئین کی پاسداری کا پابند ہے۔ وہ اس امر کو بھی یقینی بنائے کہ آئین کے آرٹیکلز 62, 63 پر پورا نہ اترنے والے امیدوار آنے والے الیکشن میں حصہ نہ لے سکیں۔

وہ گذشتہ روز کینیڈا سے پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور سے ٹیلی فونک گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ اگر الیکشن کمیشن نے حکومت اور اپوزیشن کے دباؤ میں دیگر فیصلوں کی طرح اس موقف سے بھی پسپائی اختیار کی تو ایسے انتخابات بے مقصد اور غیر آئینی ہو نگے۔ ڈاکٹرطاہر القادری نے وزارت قانون کی جانب سے نئے کاغذات نامزدگی فارم پر اٹھائے جانیوالے اعتراضات کو مضحکہ خیز اور بے معنی قرار دیتے ہوئے حیرت کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر عمر کے اس حصہ میں ایسے غیر آئینی اقدامات پر خاموش رہ کر اپنی نیک نامی داؤ پر نہ لگائیں۔

ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ انتخابات اگر آئینی اصلاحات کے بغیر ہوئے تو تاریخ اور قوم اس کا ذمہ دار چیف الیکشن کمشنر کو ٹھہرائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ان حالات میں ہونے والے غیر آئینی انتخابات ملک توڑنے اور کرپشن میں اضافہ کا باعث ہو نگے۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top