آزاد کشمیر: منہاج ماڈل سکول میرپور میں سالانہ تقریب تقسیم انعامات کی پُر وقار تقریب

مورخہ: 28 مارچ 2013ء

 

منہاج ماڈل سکول میرپور آزادکشمیر میں سالانہ تقریب تقسیم انعامات کی انتہائی پُر وقار تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب میں مہمانِ خصوصی محترم بشارت محمود اے وی پی summit bank تھے۔ جبکہ صدارت ممتاز سماجی شخصیت سرپرست منہاج ویلفئیر فاؤنڈیشن میرپور حاجی محمد ارشد مغل نے کی۔

تقریب کا باقاعدہ آغاز فاطمہ زہرہ متعلمہ جماعت ہفتم کی تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ ہدیہءِ نعت بحضورسرور کائنات صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نعمان نثار متعلم جماعت ششم نے پیش کی۔ طالبات نے استقبالیہ ٹیبلو پیش کر کے مہمانانِ گرامی کا استقبال کیا۔ امن کی آشا اور پاکستان کے نوجوانوں کیلئے لکھے گئے ترانوں پر طلباء وطالبات نے خوبصورت پرفارمنس کی اور مہمانوں سے خوب داد وصول کی۔ امان اللہ بشیر متعلم جماعت ہفتم نے علم کی فضیلت کو قرآن وحدیث کے دلائل سے ثابت کیااور میمنت طیبہ متعلم جماعت ہشتم نے استاد کی فضیلت پر نثری نظم پیش کی۔

صدر تحریک منہاج القرآن محترم محمد امتیاز نے مہمانانِ گرامی کو تحریک منہاج القرآن کا با ضابطہ رفیق بننے کی دعوت دی۔ مہمان خصوصی محترم بشارت محمود نے طلباء وطالبات اور اساتذہ ادارہ کوخراجِ تحسین پیش کیا اور مزید محنت سے ملک و ملت کا نام روشن کرنے کی تلقین کی۔ صدر تقریب محترم حاجی محمد ارشد مغل نے بتایا کہ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن حسبِ دستور محنتی اور مستحق طلباء طالبات کو فری کتب کی فراہمی کا سلسلہ جاری رکھے گی۔ تاکہ وسائل کی کمی علم حاصل کرنے والوں کے راستے میں رکاوٹ نہ بن سکے۔

مہمانوں نے پوزیشن ہولڈر طلباء و طالبات کو اپنے ہاتھوں سے خصوصی شیلڈز اور اسناد پیش کیں۔حفصہ لطیف متعلمہ منہاج ماڈل سکول میرپور کو آزاد کشمیرتعلیمی بورڈ میرپور میں جماعت دہم جنرل گروپ میں تیسری پوزیشن حاصل کرنے پر دس ہزار روپے کا کیش پرائز اور تعریفی سند دی گئی۔ پرنسپل گرلز ونگ صفیہ امتیاز نے پوزیشن ہولڈرزکے ناموں کا اعلان کیا اور پرنسپل ادارہ حافظ احسان الحق نے مہمانانِ گرامی اور والدین کا تقریب میں شرکت کرنے پر شکریہ ادا کیا۔

اس موقع پر مستحق و غریب طلباء و طالبات کی فلاح و بہبود کیلئے محترم محمد الیاس ملنگی صدر ویلفیئر میرپور، محترم بشارت محمود، محترمہ رخسانہ زبیر صدر ویمن لیگ میرپور اور احمد رضا قریشی نے عطیات پیش کیے۔ محترم محمد آصف رٹھوی نے 20 طلباء و طالبات کو فری کتب دینے کا اعلان کیا۔ تقریب میں والدین کے علاوہ کثیر تعداد میں مہمانوں نے شرکت کی جن میں محترم لطیف غوث، مظہر حسین قادری، فضل محمود، خلیق الرحمن چوہدری، محترمہ کبریٰ نثار، محترمہ روبینہ احسان، محترمہ رخسانہ امتیاز، محترمہ نازیہ شاہ ایڈووکیٹ بھی شامل تھیں۔ مہمانوں کی تواضع کے ساتھ پُر وقار تقریب اپنے اختتام کو پہنچی۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top