توانائی کے بحران میں گھری قوم کے دکھوں کا مدوا موجودہ نظام انتخابات کے تحت ہونے والے الیکشنوں میں کبھی نہ ہو سکے گا: بشارت عزیز جسپال

مورخہ: 30 مارچ 2013ء

قیامت خیز لوڈ شیڈنگ نے عوام کو اعصابی مریض بنا کر رکھ دیا ہے۔
توانائی کے بحران میں گھری قوم کے دکھوں کا مدوا موجودہ نظام انتخابا ت کے تحت ہونے والے الیکشنوں میں کبھی نہ ہو سکے گا: بشارت عزیز جسپال

لاہور: پاکستان عوامی تحریک پنجاب کے صدر بشارت عزیز جسپال نے کہا ہے کہ اس وقت ملک میں تاریخ کی بد ترین لوڈ شیڈنگ جاری ہے۔ شہروں میں مسلسل 14 گھنٹے اور دیہاتوں میں 14سے 16 گھنٹوں کی بجلی کی بندش نے واقعتا عوام کو ذ ہنی و اعصابی مریض بنا کر رکھ دیا ہے۔ طلباء اندھیرے میں کیا لکھیں اور کیا پڑھیں۔ مگر کون ہے جو مستقبل کے ان معماروں کی پریشانیوں کو دیکھے اور انکا حل تلاش کرے۔ توانائی کے بحران میں گھری قوم کے دکھوں کا مدوا موجودہ استحصالی نظام انتخابا ت کے تحت ہونیوالے الیکشنوں میں کبھی نہ ہو سکے گا۔

ان بحرانوں سے نجات کیلئے نظام انتخاب کی تبدیلی کے ساتھ کڑا احتساب کر کے اچھے لوگوں کو آگے لانا ہو گا تا کہ ملک کی باگ ڈور ایسے لوگوں کے ہاتھ میں آئے جو ملک میں امن و امان، روزگار اور معاشی ترقی کی راہ ہموار کر سکیں جو ذاتی مفادات کو بالائے طاق رکھ کر ملکی مفادات کیلئے کام کریں۔

انہوں نے کہاکہ گھی مہنگا ہو یا پٹرول کے نرخوں میں اضافہ عوام بے چارے آہیں بھرنے کے سوا کچھ نہیں کر سکتے۔ لوڈ شیڈنگ نے عوام کا جینا محال کر دیا ہے، معیشت نقصان میں ہے، سماجی مسائل نے خوفناک صورتحال اختیار کر لی ہے اس کے باوجود ہمارے نام نہاد سیاستدان ٹس سے مس نہیں ہو رہے۔

انہوں نے کہا کہ ملکی مسائل کی جڑ موجودہ فرسودہ نظام انتخاب ہے جس کے ذریعے کروڑوں، اربوں روپے خرچ کر کے آنے والے حکمرانوں کو عوام کے مسائل کی کیا پرواہ، لوڈ شیڈنگ اور مہنگائی چاہے جتنی بڑھ جائے اس فرسودہ نظام انتخاب کے ذریعے اقتدار میں آنے والوں کوملکی مسائل کی پرواہ نہیں۔

انہوں نے کہا کہ عوام کو مقتدر طبقات سے توقع وابستہ کرنے کی بجائے اپنے خوابوں کی تعبیر کیلئے خود اقتدار و اختیار کا مالک بننا ہو گا اور موجودہ نظام انتخاب کے خلاف11 مئی کو پاکستان عوامی تحریک کے دھرنوں میں شرکت اس عوام دشمن نظام انتخاب کو دریا برد کرنا ہو گا۔ ملکی خوشحالی اور حقیقی جمہوریت کی بحالی کیلئے ساری قوم کو متحد ہو کر اس استحصالی نظام کے خاتمے کیلئے جدوجہد کرنا ہو گی۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top