الیکشن ڈے والے دن پورے ملک میں عوام پرامن دھرنے دیکر انتخابی ڈرامے کو مسترد کر دیں۔ خرم نواز گنڈا پور

پاکستان عوامی تحریک انتخابی اصلاحات کے بغیر ہونیوالے الیکشن ڈرامے کو مسترد کرتی ہے
جب تک عوام اس ظالمانہ نظام کو نہیں لپیٹیں گے اس وقت تک روشنی کی کوئی کرن نہیں دکھائی دے گی

پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے کہا ہے کہ موجودہ دور میں بدامنی، قتل و غارت، لوٹ مار اور لوڈ شیڈنگ ہنگامے اور خوف و ہراس کی کیفیت حقیقت میں عذاب الہی ہے۔ جنوبی ایشیا میں پاکستانی عوام حکمرانوں کی نااہلیوں کا سب سے زیادہ خمیازہ بھگت رہے ہیں اور بد قسمتی سے پاکستان کو ناکام ریاست بنایا جا رہا ہے۔ پاکستان بے تحاشہ وسائل، باصلاحیت افرادی قوت اور کرشماتی نعمتوں کے باوجود بھوکا پیاسا اور اندھیروں میں ڈوبا ہوا ہے۔ یہاں آج بھی بھوک کی فصل اُگی ہوئی ہے۔ نوجوان نسل اپنے مستقبل سے ناآشنامنتشر گروہ دکھائی دیتی ہے یہ سارے عذاب جو مسلط ہیں ہمارے اعمال کا نتیجہ ہیں۔

وہ پاکستان عوامی تحریک پنجاب کے زیراہتمام مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ جو قومیں حرص و ہوس کا شکار ہوجائیں، جہاں غریب سے اسکے بچوں کا نوالہ تک چھین لیا جائے وہاں ایسے عذاب آیا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ رسالت مآب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا فرمان ہے کہ جس معاشرے میں یتیم کا حق مارا جائے اللہ تعالیٰ اس معاشرے سے برکت کا ہاتھ اٹھا لیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان تمام مسائل سے بے نیاز سیاستدان طبقہ صرف اور صرف اقتدار کے حصول کیلئے کوشاں ہے۔

خرم نواز گنڈا پورنے کہا کہ استحصالی، فرسودہ اور ظالمانہ انتخابی نظام نے پوری قوم کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے۔ جب تک عوام اس ظالمانہ نظام کو نہیں لپیٹیں گے اس وقت تک روشنی کی کوئی کرن نہیں دکھائی دے گی۔ آج ساری قوم کو اجتماعی توبہ کے ساتھ ساتھ ملک پر مسلط چند سیاسی خاندانوں کو ناکام کرنے کیلئے نظام کے خلاف عملی جدوجہد کرنا ہو گی اور 11 مئی کواس فرسودہ، عوام دشمن نظام انتخاب کو دریا برد کر کے ملک میں حقیقی جمہوریت اور خوشحالی کی بنیاد رکھنا ہو گی۔ 11 مئی الیکشن ڈے کو پورے ملک میں عوام پرامن دھرنے دیکر اس انتخابی ڈرامے کو مسترد کر دیں کیونکہ غیر آئینی اور بے ڈھنگ طریقے قائم ہونیوالی حکومت عوام کو مزید مایوسی کے سوا کچھ نہیں دے سکے گی۔ پاکستان عوامی تحریک کی جدوجہد عوام کے حقیقی نمائندوں کو اقتدار کے ایوانوں تک پہنچانا ہے تاکہ عوام اپنی قسمت کا فیصلہ خود کر سکیں۔ موجودہ انتخابی نظام کے تحت ووٹ ڈالنا چوروں، لٹیروں، ٹیکس چوروں اور کرپٹ عناصر کی مدد کرنا ہے۔ اسی لئے پاکستان عوامی تحریک انتخابی اصلاحات کے بغیر ہونیوالے الیکشن ڈرامے کو مسترد کرتی ہے۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top