تحریک منہاج القرآن لودہراں کے عہدیداران کا اجلاس

تحریک منہاج القرآن کے زیراہتمام 11 مئی کے دھرنے کے حوالے سے اجلاس کا انعقاد کیا گیا۔ اجلاس میں تحریک منہاج القرآن کے عہدیداران کے ساتھ ساتھ کارکنان کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ اجلاس کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک اور نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے ہوا۔

اجلاس میں ملک اسلم حماد صدر تحریک منہاج القرآن لودہراں نے اجلاس میں کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی شعوری جنگ نے کرپٹ سیاسی نظام کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔ آج قوم کا بچہ بچہ آئین کے آرٹیکل 62,63 کو جان چکا ہے۔ اور پوری قوم نے یہ دیکھ لیا ہے کہ الیکشن کمیشن اور الیکشن ٹرائبونلز نے کس طرح آئین کی ان شقوں کو مذاق بنایا۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے کرپٹ نظام کے پروردہ سیاست دانوں اور محافظوں کو بے نقاب کر دیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پوری دنیا دیکھ چکی کہ کرپٹ سیاسی مافیا کی سرپرستی کے لئے کس طرح نیب، اسٹیٹ بینک، الیکشن کمیشن اور سیاسی جج ڈھال بن کر سامنے آ گئے۔ آج قوم نے اگر اپنے ساتھ ہونے والے اس ظلم کو مسترد نہ کیا تو آنے والے الیکشن کے بعد تمام کرپٹ ادارے اور کرپٹ سیاسی مافیا پوری قوم کو ظلم کی زنجیروں میں جکڑ کر رکھ دیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ قوم کا بچہ بچہ کرپٹ نظام انتخاب کو مسترد کر چکا ہے۔ 11 مئی کو پاکستان کے ہر شہرمیں پولنگ سٹیشن سے دور پرامن احتجاجی دھرنے ہوں گے جس میں پاکستان عوامی تحریک کے کارکنان کے ساتھ پوری قوم شریک ہوگی۔

اجلاس میں کارکنان نے بتایا کہ پاکستان عوامی تحریک کے جھنڈے گھر گھر پر لہرا دیے گئے ہیں۔ پاکستان عوامی تحریک کے پرچم کے رنگوں والے کبوتر فضاؤں میں اڑ رہے ہیں۔ تمام تحریکی کارکنان نے ڈور ٹو ڈور کرپٹ نظام انتخاب کے خلاف پمفلٹ تقسیم کرنا شروع کر دیے ہیں۔ خواتین میں پاکستان عوامی تحریک کے پرچم کے رنگوں والے دوپٹے اور چوڑیاں تقسیم کی جا رہی ہیں، جبکہ بچوں میں پاکستان عوامی تحریک کی ٹوپیاں، شرٹس اور بیجز تقسیم کئے جا رہے ہیں۔ کارکنان بڑھ چڑھ کر اپنی موٹر سائیکلوں، کاروں، رکشوں پر پاکستان عوامی تحریک کے پرچم اور پینا فلکس سجا رہے ہیں۔ شہر کے ہر اہم مقام پر اشتہارات لگائے جا رہے ہیں اور شہر کے مختلف علاقوں میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کے موجودہ حالات کے تناظر میں کئے گئے خطابات کے کلپس چلائے جا رہے ہیں۔

اجلاس میں تمام کارکنان 11 مئی کے دھرنے کے حوالے سے مرتب کردہ پاکستان عوامی تحریک کے بروشر کی تقسیم کے لئے مین بازار گئے۔ ڈاکٹر طاہر القادری کے موقف کی بھرپور تائید کی اور کئی مقامات پر لوگوں نے جذباتی ہو کر کہا کہ ڈاکٹر طاہر القادری ہی وہ مخلص قیادت ہے جو اس قوم کو ان ظالموں سے نجات دلا سکتی ہے۔ بازار میں موجود مرد و خواتین بچے بوڑھے سب نے ڈاکٹر طاہر القادری کے پیغام کو حق قرار دیا۔

آخر میں پیر سید نور الحسن شاہ ایڈووکیٹ نے ملک و قوم کی سلامتی اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی درازئ عمر کے لیے دعا کی۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top