پاکستان عوامی تحریک کی جدوجہد عوام کو موجودہ کرپٹ، بدعنوان اور جبری سیاسی نظام سے نجات دلانے کیلئے ہے، ڈاکٹر حسن محی الدین قادری

موجودہ نظام انتخاب میں ووٹر کی رائے کا احترام نہیں، مقتدر طبقہ عوام کے ووٹ کو سیاسی ہتھیار کے طور پر استعمال کرتا ہے
ڈاکٹر طاہر القادری وطن عزیز میں ریاست مدینہ کا نظام لانا چاہتے ہیں۔ ڈاکٹر حسن محی الدین القادری
پاکستان عوامی تحریک ویمن ونگ کی خواتین عوام دشمن نظام کی تبدیلی کیلئے تیا ر ہیں۔ راضیہ نوید
لاکھوں خواتین ڈاکٹر طاہر القادری کی آواز پر لبیک کہتے ہوئے ایک کروڑ نمازیوں میں شامل ہو نگی۔ عائشہ شبیر

چیئرمین سپریم کونسل تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر حسن محی الدین القادری نے کہا کہ اگر خواتین نے اسی جذبے اور استقامت کے ساتھ کام جاری رکھا تو وہ دن دور نہیں جس دن پاکستان میں عوامی جمہوری انقلاب کا سورج طلوع ہو گا۔ پاکستان عوامی تحریک کی جدوجہد بھی یہی ہے کہ عوام کو موجودہ کرپٹ، بدعنوان اور جبری سیاسی نظام سے نجات دلائی جائے اور انکے حقوق انہیں دلائے جائیں۔ ڈاکٹر طاہر القادری وطن عزیز میں ریاست مدینہ کا نظام لانا چاہتے ہیں جس میں ہر کسی کو یکساں انصاف میسر آئے۔ دو کروڑ ووٹرز نہیں نمازی چاہیے کیونکہ ووٹر بک سکتا ہے لیکن نمازی بک نہیں سکتا بلکہ خد ا کے حضور جھک جاتا ہے۔ سیدہ کائنات حضرت فاطمۃ الزہراہ رضی اللہ عنہا فرماتی ہیں کہ جب کوئی بھوکا دیکھو تو یہ مت سمجھو کہ خدا کے رزق میں کمی ہے بلکہ سمجھ جاؤ کہ کسی ظالم نے مظلوم کا رزق چھین لیا ہے۔ وہ مرکزی سیکرٹریٹ میں پاکستان عوامی تحریک ویمن ونگ اور منہاج القرآن ویمن لیگ کی مجلس عا ملہ کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر راضیہ نوید، شازیہ مظہر، سیدہ نازیہ مظہر ہاشمی، حنا امین اور عائشہ شبیر بھی موجود تھیں۔

ڈاکٹر حسن محی الدین القادری نے کہا کہ مخصوص خاندانوں کی حلقوں میں اجارہ داریاں ہیں۔ فراڈ سے اسمبلی تک پہنچنے کا نام جمہوریت ہے۔ موجودہ نظام انتخاب میں ووٹر کی رائے کا کوئی احترام نہیں ہے۔ مقتدر طبقہ عوام کے ووٹ کو سیاسی ہتھیار کے طور پر استعمال کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک ویمن ونگ اورمنہاج القرآن ویمن لیگ کی خواتین ڈاکٹر طاہر القادری کی تعلیمات پر استقامت کے ساتھ عمل پیرا رہیں اور ہر مشکل پر مستقل مزاجی کے ساتھ صبر کرتے ہوئے مشن کو جاری رکھیں تو وہ دن دور نہیں جب مصطفوی انقلاب کا سویرا طلوع ہو گا۔

پاکستان عوامی تحریک ویمن ونگ کی راہنماء راضیہ نوید نے مشاورتی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے حوصلے جوان اور پر عزم ہیں۔ پاکستان عوامی تحریک ویمن ونگ اورمنہاج القرآن ویمن لیگ کی خواتین ڈاکٹر طاہر القادری کی آواز پر لبیک کہتے ہوئے عوام دشمن نظام کی تبدیلی کیلئے تیا ر ہیں۔ 25لاکھ سے زائد خواتین ایک کروڑ نمازیوں کی جماعت میں صف اول پر کھڑی ہونگی۔

عائشہ شبیر نے اپنے خطاب میں کہا کہ وطن عزیز کے حالات بدتر ہو گئے ہیں، معیشت کا جنازہ اٹھ رہا ہے۔ خواتین کی عزت و ناموس کا کوئی محافظ نہیں، ساری قوم سراپا احتجاج بنی ہوئی ہے۔ ملک میں حکومت نام کی چیز موجود ہی نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک ویمن ونگ اپنے قائد کی آواز پر منظم انداز میں صفیں بچھا رہی ہے۔ یقیناًعوام ظلم اور استحصال کی چکی میں مزید نہیں پسے گی اور ڈاکٹر طاہر القادری اس ظالمانہ نظام کو سمندر برد کر دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ لانگ مارچ کے دوران خواتین نے جس نظم و ضبط اور حوصلے کا مظاہرہ کیا وہ صرف ڈاکٹر طاہر القادری کی تربیت اور قیادت کا اثر تھا اور اب ان شاء اللہ لاکھوں خواتین اپنے قائد کی آواز پر لبیک کہتے ہوئے ملک و قوم کی فلاح اور استحکام کیلئے ایک کروڑ نمازیوں میں شامل ہو نگی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے حنا امین نے کہا کہ کل طلبہ نے جس طرح حصول پاکستان کی جدوجہد میں مثالی کردار ادا کیا تھا آج پاکستان کو بچانے کیلئے بھی ڈاکٹر طاہر القادری کی قیادت میں ہر اول دستے کا کردار ادا کریں گی۔ اجلاس سے نازیہ مظہر اور اور شازیہ مظہر نے بھی خطاب کیا۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top