قائد کی آواز پر لبیک کہتے ہوئے ایک کروڑ نمازیوں کی تیاری کے ٹارگٹ کے حصول تک چین سے نہ بیٹھیں۔ قاضی فیض الاسلام

معاشرے میں ہونے والی انفرادی و اجتمائی زیادتیوں اور ملکی مفادات کی سرعام نیلامی پر خاموش تماشائی رہنے کی بجائے اپنا فریضہ ادا کریں
کراچی جیسا اہم صنعتی اور معاشی مرکز سیاسی اور مذہبی دہشت گردی کی لپیٹ میں ہے
تبدیلی کا وقت آج ہے جس کے لئے قوم کو اجتماعی طور پر اٹھنا ہوگا

پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات قاضی فیض الاسلام نے کہا ہے کہ وطن عزیز پاکستان اس وقت ہر سو زخم زخم ہے۔ جہالت، غربت، مہنگائی، دہشت گردی اور کرپشن کے ساتھ ساتھ لسانیت، صوبائیت، فرقہ واریت، حکمرانوں کی خود غرضی کینسر کی مانند اس مملکت خداداد کے درپے ہے۔ کراچی جیسا اہم صنعتی اور معاشی مرکز سیاسی اور مذہبی دہشت گردی کی لپیٹ میں ہے۔ نئی حکومت نے انتخابی وعدوں کے مطابق یہاں پر امن قائم کرنے اور قتل و غارت گری کو روکنے کے لئے ٹارگٹڈ آپریشن کا آغاز تو کیا ہوا ہے، مگر اس کی نگرانی وہی لوگ کر رہے ہیں جو گزشتہ کئی سالوں سے اس مکروہ دھندے میں ازخود ملوث ہیں۔ بلوچستان اور کے پی کے کی حکومتیں بھی ابھی گومگو کا شکار ہیں۔ عوام توانائی کے بحران اور بدترین مہنگائی کے ہاتھوں پس چکے ہیں۔ مغربی سرحدوں پر افغانستان کے راستے سے دہشت گرد داخل ہو رہے ہیں اور مشرقی سرحدوں پر بھارتی غرور اسلام اور پاکستان دشمنی میں برداشت کی حدیں پھلانگ رہاہے۔ ان تمام حالات کے ذمہ دار سابقہ اور موجودہ حکمران ہونے کے ساتھ ساتھ ان تمام تر حالات کی ذمہ داری ہمارے معاشرے کے ہر فرد پر بھی عائد ہوتی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز اسلام آباد کے ایک روزہ دورے پر میڈیا سیل میں صحافیوں سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر انچارج میڈیا سیل مصطفی خان، میڈیا کوآرڈینیٹر غلام علی خان بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ نہایت افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ ہم 66 سال کے بعد بھی ایک قوم نہ بن سکے۔ وقت آگیا ہے کہ ہمیں ملک اور اپنی آنے والی نسلوں کے بہترین مستقبل کے لئے ایک قوم بننا ہوگا۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم میں سے ہر ایک اپنے سیاسی اور سماجی شعور کو بلند کرے اورمعاشرے میں ہونے والی انفرادی و اجتمائی زیادتیوں اور ملکی مفادات کی سر عام نیلامی پر خاموش تماشائی بننے کی بجائے اپنا فریضہ اداکرے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک بیدارئ شعور کی تحریک کے ساتھ اپنی منزل کی جانب رواں دواں ہے۔ قائد پاکستان عوامی تحریک ڈاکٹر محمدطاہرالقادری نے ہنگامی بنیادوں پر ایک کروڑ پر عزم، جرات مند اور قوم کا درد رکھنے والے افراد کو تیار کرنے کاحکم دیا ہوا ہے۔ اب ہم پر فرض ہے کہ قائد کی آواز پر لبیک کہتے ہوئے نیند اپنے اوپر حرام کرلیں اور ٹارگٹ کے حصول تک گھروں میں چین سے نہ بیٹھیں۔ اگر قومی تعمیر کا یہ اجتماعی قدم نہ اٹھایا گیا تو آنے والی نسلیں ہمیں کبھی معاف نہیں کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ تبدیلی کا وقت آج ہے جس کے لئے پوری قوم کو اپنا فریضہ ادا کرنے کے لئے اجتماعی طور پر اٹھناہوگا۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top