تحریک منہاج القرآن کی30 ویں سالانہ عالمی میلاد کانفرنس مینار پاکستان کے سبزہ زار میں ہی ہو گی۔ شیخ زاہد فیاض

شدید سردی کے باوجود لاکھوں مرد و خواتین شریک ہوں گے، ڈاکٹر طاہر القادری خصوصی خطاب کریں گے
کانفرنس کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئیں، خواتین کیلئے الگ باپردہ انتظام کیا جائے گا
70 سے زائد انتظامی کمیٹیاں تشکیل دے دی گئیں، مینار پاکستان کے پنڈال کو سجانے میں کو ئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی
عالمی میلاد کانفرنس کے تسلسل نے پورے ملک میں حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی محبت کے عقیدے کو فروغ دیا ہے
مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں عالمی میلاد کانفرنس کی انتظامی کمیٹیوں کے سربراہان سے گفتگو

تحریک منہاج القرآن کی 30ویں سالانہ اور دنیائے اسلام کی سب سے بڑی عالمی میلاد کانفرنس حسب روایت 11 اور 12 ربیع الاول کی شب 13 جنوری 2014ء کو مینار پاکستان کے وسیع گراؤنڈ میں ہی ہو گی۔ کانفرنس کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئی ہیں۔ 30ویں عالمی سالانہ میلاد کانفرنس میں شہر لاہور سے لاکھوں عشاقان مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم (مرد و خواتین) شرکت کر کے نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے اپنی والہانہ محبت کا اظہار کریں گے اور دنیا کو یہ پیغام دیں گے کہ ولادت مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے بڑھ کر دنیا میں کوئی خوشی نہیں ہے۔ عالمی میلاد کانفرنس سے ڈاکٹر محمد طاہر القادری خصوصی خطاب کریں گے۔ اسلام سلامتی اور امن کا دین ہے اور تحریک منہاج القرآن عشق مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے فروغ کیلئے دنیا بھر میں مرکزی کردار ادا کر رہی ہے۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری پوری دنیا میں امن کے سفیر کے طور جانے جاتے ہیں۔ لاہور میں بڑے بڑے ہورڈنگز اور بینرز لگانا شروع کر دئیے ہیں۔ عالمی میلاد کانفرنس کے انتظامات کیلئے 70 سے زائد انتظامی کمیٹیاں تشکیل دے دی گئی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار عالمی میلاد کانفرنس 2014 کے سربراہ شیخ زاہد فیاض نے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں انتظامی کمیٹیوں کے سربراہان کے بلائے گئے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری جواد حامد، ڈپٹی سیکرٹری میاں زاہد جاوید، جی ایم ملک، راضیہ نوید، چوہدری ریاض، عمران شوکت، حافظ وقار، علامہ میر آصف اکبر، میاں افتخار، حافظ غلام فرید، عبد الحفیظ چودھری و دیگر کمیٹیوں کے سربراہان بھی موجود تھے۔ شیخ زاہد فیاض نے کہا کہ عالمی میلاد کانفرنس میں شدید سردی کے باوجود لاکھوں مرد و خواتین شریک ہوں گے۔ خواتین کیلئے الگ باپردہ پنڈال بنایا جائے گا۔ علماء و مشائخ عظام، نعت خوان اور قرآء حضرات خصوصی طور پر شرکت کریں گے۔

انہوں نے کہاکہ عالمی میلاد کانفرنس میں مقتدر مذہبی، سیاسی و سماجی شخصیات بھی شرکت کریں گی۔ اس موقع پرگوشہ درود اور حلقہ ہائے درود میں پورے سال میں پڑا جانیوالا اربوں درود پاک حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں پیش کیا جائے گا۔ مینار پاکستان کے وسیع پنڈال میں دیو ہیکل LED سکرینز بھی لگائی جائینگی تاکہ دور دور تک بیٹھے لاکھوں لوگ سٹیج کی کارروائی کو قریب سے دیکھ سکیں۔ ہر سال کی طرح اس سال بھی میلاد کانفرنس میں شریک ہر خاص و عام کیلئے شام 7 بجے سے رات 9 بجے تک ضیافت میلاد بھی ہو گی۔ میلاد کانفرنس کی سیکیورٹی کیلئے منہاج القرآن یوتھ لیگ اور مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے پانچ ہزار نوجوان پنڈال میں مختلف جگہوں پر موجود ہوں گے۔ شیخ زاہد فیاض نے کہا کہ مینار پاکستان کے پنڈال کو سجانے میں کو ئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔ انہوں نے پوری قوم کو پیغام دیا کہ ہر گھر کو اپنی بساط کے مطابق موم بتیوں، تیل کے دیوں اور برقی قمقموں سے سجایا جائے۔ گھروں میں بچوں کے ہمراہ میلاد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی خوشی میں کیک کاٹے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ عالمی میلاد کانفرنس کے مقاصد میں سب سے بڑا مقصد حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات کے ادب کا شعور پیدا کرنا ہے کیونکہ ذات مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے محبت کرنے کے بعد انکی تعلیمات کو سمجھنے اور عمل کرنے کی تحریک ملتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے میں بڑھتی ہوئی بے سکونی، بے چینی اور اضطراب سے نجات کا ذریعہ میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی محافل کا انعقاد ہے۔ عالمی میلاد کانفرنس کے تسلسل نے پورے ملک میں حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی محبت کے عقیدے کو فروغ دیا ہے۔ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے محبت تنگ نظری، انتہا پسندی اور دہشت گردی کے رویوں کے خاتمے کیلئے ناگزیر ہے اور تحریک منہاج القرآن پوری دنیا میں ان رویوں کے خاتمے کیلئے برسر پیکار ہے۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top