سندھ: تحریک منہاج القرآن کا تنظیمی اجلاس

تحریک منہاج القرآن سندھ کا ایک اجلاس گزشتہ روز تحریک منہاج القرآن کے رہنما محمد ادریس یمن کی رہائش گاہ پر منعقد ہوا جس کی صدارت تحریک منہاج القرآن سندھ کے امیر سید مخدوم ندیم ہاشمی پیر آف کھوڑا شریف نے کی۔ اجلاس میں سندھ کے تمام ڈویژنل، ضلعی امراء وناظمین پاکستان عوامی تحریک کے تمام ڈویژنل، ضلعی ڈور، جنرل سیکرٹریز، اور مجلس عامہ نے بھرپور شرکت کی۔ اجلاس میں تحریک منہاج القرآن کے جملہ فورمز کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا اور آئندہ کی حکمت عملی اور ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال پر غور وخوض کیا گیا۔ اجلاس میں تحریک منہاج القرآن سندھ کے جملہ فورمز کی سندھ بھر میں رکنیت سازی اور عوامی رابطہ مہم 5 فروری تا 15 اپریل شروع کرنے کی متفقہ طور پر منظوری دے دی گئی۔ اس سلسلے میں تحریک کے پیغام کو سندھ بھر کے شہروں اور دیہاتوں کے مظلوم عوام تک پہنچانے کے لیے کارنر میٹنگز، جلسے اور مذاکرے منعقد کرنے کے پروگرام مرتب کیے گئے جس میں عوام کو موجودہ سیاسی نظام کی تباہ کاریوں سے متعلق آگاہ کیا جائے گا۔

اس موقع پر تحریک منہاج القرآن سندھ کے امیر سید مخدوم ندیم ہاشمی نے اپنے صدارتی خطاب میں کہا کہ آج ملک تاریخ کے انتہائی نازک ترین دور سے گزر رہا ہے۔ ملک کو اس سازش کے تحت سیاسی و معاشی طور پر تباہی کے دہانے پر لاکھڑا کر دیا گیا ہے۔ پورا ملک افراتفری کا شکار ہے۔ حکمرانوں نے اپنی سیاست بچانے کے لیے ریاست کو داؤ پر لگا دیا ہے۔ مذاکرات کے نام پر دونوں فریق غیر سنجیدگی اختیار کیے ہوئے ہیں، جس کی قیمت ملک وقوم ادا کر رہی ہے۔ آج یہ وقت سیاست بچانے کا نہیں ریاست بچانے کا ہے۔ دہشت گردوں کے سرپرست اپنے ایجنڈے کی تکمیل کے لیے مذاکرات کے نام پر پوری قوم کو دھوکہ دے رہے ہیں۔ عوام کی توجہ اصل مسائل سے ہٹانے کے لیے کبھی سابق صدر پرویز مشرف کے ٹرائل کی ہوا دی جاتی ہے، کبھی مذاکرات کے نام پر منافقت کی جاتی ہے اور یہ کھیل گزشتہ 65 سالوں سے قوم کے ساتھ کھیلا جا رہا ہے۔ ہر آنے والا دن مظلوم غریب عوام کے لیے مذید تباہی لا رہا ہے۔ آج ضرورت اس امر کی ہے کہ کارکنان پوری قوم کو ایک پرامن انقلاب کے لیے تیار کریں اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کے پیغام کو زیادہ سے زیادہ پھیلائیں۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top