معراج النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم امت کیلئے فخر کا ایسا استعارہ رہے جو دیگر امتوں سے اسے ہمیشہ ممتاز کرتا رہے گا

مورخہ: 26 مئی 2014ء

اگلے ہزاروں سال بھی سپیڈ اور ملٹی سپیڈ کے ماہرین معجزہ معراج کی برتری کو تسلیم کرتے رہیں گے
تحقیق کے سمندروں میں غوطہ زن سائنس دانوں کا جنون بالآخر انہیں ایمان کی دولت سے سرفراز کرتا رہے گا
ڈاکٹر طاہرالقادری کا معراج النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے موقع پر پیغام

پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے معراج النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے موقع پراپنے پیغام میں کہا ہے کہ واقعہ معراج النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم امت کیلئے تا قیامت فخر کا ایسا استعارہ ہے جو دیگر امتوں سے اسے ہمیشہ ممتاز کرتا رہے گا۔ سفر معراج نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا وہ معجزہ ہے جو رہتی دنیا تک پوری بنی نوع انسان کو یہ ابدی پیغام دیتا رہے گا کہ محسن انسانیت کا مقام و مرتبہ تمام انبیاء و رسل سے عظیم تر ہے۔ معراج کی رات انبیاء اور ملائک کا اپنے آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے انتظار میں پرشوق اور وجد انگیز کیفیت میں کھڑے رہنا نبی آخر الزمان کے ساتھ اللہ کی محبت کی انتہا کو دیکھنے کا عجیب تر واقعہ ہے۔ قیامت تک واقعہ معراج کا ڈنکا بجتا رہے گا اور اس کی مختلف تعبیرات و تشریحات انسانیت کے سامنے آتی رہیں گی۔ جس طرح سائنس و ٹیکنالوجی کی اب تک کی معراج واقعہ معراج کے سامنے سر نگوں ہے اس طرح اگلے ہزاروں سال بھی سپیڈ اور ملٹی سپیڈ کے ماہرین معجزہ معراج کی برتری کو تسلیم کرتے رہیں گے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ یہ بھی عظمت محمدی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا تسلسل ہو گا کہ معجزات محمدی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تصدیق کیلئے تحقیق کے سمندروں میں غوطہ زن رہنے والے سائنس دانوں کا جنون بالآخر انہیں ایمان کی دولت سے سرفراز کرتا رہے گا۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ ٹائم اور سپیس کی تمام تھیوریز اور قوانین معجزہ معراج کی دھلیز پر سرنگوں ہوتے رہیں گے کیونکہ اللہ نے اپنے پیارے محبوب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو قیامت تک کیلئے تمام مخلوقات کیلئے نبی بنا کر بھیجا ہے۔ نبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا ہر عمل عقل کے اعلیٰ ترین پیمانوں سے با مصدق ہوتا رہے گا۔ معراج النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا واقعہ انبیاء، رسل اور فرشتوں کیلئے بطور امتی ایک ایسی مثال ٹھہرا ہے جس پر وہ تا قیامت محب اور محبوب کی محبت کے گن گاتے رہیں گے۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top