منہاج القرآن علماء کونسل کے زیراہتمام محفل معراج النبی (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کا انعقاد

مورخہ: 26 مئی 2014ء

منہاج القرآن علماء کونسل کے زیراہتمام محفل معراج النبی (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کا انعقاد مورخہ 26 مئی 2014ء بروز سوموار بعد نماز عشاء مرکزی جامع مسجد منہاج القرآن میں کیا گیا۔ پروگرام کی صدارت منہاج القرآن علماء کونسل کے ناظم علامہ سید فرحت حسین شاہ نے کی جبکہ علامہ امداد اللہ قادری، علامہ میر آصف اکبر، علامہ عثمان سیالوی، علامہ غلام مرتضیٰ علوی، علامہ محمد حسین آزاد، نصیب علی اور علامہ ممتاز احمد صدیقی نے بھی خصوصی شرکت کی۔ محفل کا آغاز تلاوت قرآن مجید سے کیا گیا جس کے بعد حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ عقیدت کے پھول نچھاور کیے گئے جس کی سعادت منہاج نعت کونسل (امجد بلالی گروپ)، حافظ شکیل احمد طاہر اور صابر کمال وٹو نے حاصل کی۔

اس موقع پر منہاج القرآن علماء کونسل کے ناظم علامہ سید فرحت حسین شاہ نے کہا کہ انسانی علم کی صدیوں کی ترقی کے بعد آج سائنس جس بلندی پر ہے وہ بلا شبہ علم کی معراج ہے، لیکن انسان اس معراج پر پہنچ کر بھی نظام شمسی کے ایک سیارے کو پار نہیں کر سکا۔ اُس انسان کامل صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی عظمتوں کا اندازہ کیسے لگایا جا سکتا ہے جو رات کے چند لمحوں میں مکان و لا مکان کی وسعتوں کو پار کر کے او ادنیٰ کے مقام قرب کی منزلیں طے کرگیا۔ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا سفر معراج علم اور سائنس کی بھی معراج ہے۔ آپ کا سفر ایک ایسا معجزہ ہے جس کو سمجھنے سے انسانی عقل عاجز ہے۔

انہوں نے کہا کہ شب معراج آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو تمام انبیاء علیہ السلام کی امامت کا شرف حاصل ہوا اور سب پردے فاش ہوئے۔ معراج النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم امت مسلمہ کیلئے ایک عظیم انعام ہے۔ شب معراج انسانی تاریخ کا انتہائی بابرکت سفر تھا۔ انہوں نے کہا کہ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے سفر معراج کے ذریعے قیامت تک کیلئے کائنات کو علم و سائنس کے راستے دکھا دئیے مگر بدقسمتی ہے کہ اس کریم آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی امت سب سے زیادہ جہالت میں گھری ہوئی ہے۔ اسلام کا دامن علم کی ہر ہر جہت سے مالا مال ہے مگر آج مسلمانوں کا دامن علم کے نور سے خالی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سفر معراج سے ہمیں یہ سبق ملتا ہے کہ اگر آج انسانیت پھر سے رفعت اور عروج چاہتی ہے تو علم نافع ہی واحد راستہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج امت مسلمہ اور خصوصاً ملک پاکستان بد امنی، دہشت گردی، قتل و غارت گری اور لوڈ شیڈنگ کی دلدل میں پھنسا ہوا ہے یہ سارے مسائل دین سے دوری، جہالت اور گمراہی کے سبب ہیں۔

معراج النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کانفرنس میں کثیر تعداد میں عشاقان رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے شرکت کی۔ محفل کے اختتام پر حضور نبی اکرام صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں درودوسلام کا نذرانہ پیش کیا۔ محفل کا اختتام دعائے خیر سے ہوا۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top