جمہوریت کے نام پر قائم موجودہ نظام تمام برائیوں کی جڑ ہے۔ خرم نواز گنڈا پور

مورخہ: 30 مئی 2014ء

قوم کو ریاست یا کرپٹ سیاست میں سے کسی ایک کا چناؤ کرنا ہو گا
نماز انقلاب کیلئے صف بندی اور تکبیر کا مرحلہ باقی ہے
پاکستان عوامی تحریک یوتھ ونگ کے زیراہتمام منعقدہ سیمینار بعنوان ’’پاکستان، سازشیں، مسائل اور انکا حل‘‘ سے خطاب

پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے کہا ہے کہ موجودہ نام نہاد حکمرانوں کی ایک سال کی کارکردگی قوم کے سامنے ہے۔ کرپٹ اور فرسودہ نظام انتخاب کے ذریعے ہونے والے جعلی انتخابات کے نتیجے میں بننے والی غیر آئینی حکومت نے عوام سے جینے کا حق بھی چھین لیا ہے۔ جمہوریت کے نام پر قائم موجودہ نظام تمام برائیوں کی جڑ ہے۔ ملک میں حقیقی جمہوریت نہیں بلکہ یہ نظام عوام دشمن مقتدر طبقات کا محافظ ہے۔ اس ظالمانہ نظام کی موجودگی میں پاکستان میں کسی قسم کی مثبت تبدیلی آنا ممکن نہیں۔ ملک کے جملہ مسائل کی تشخیص کرتے ہوئے ڈاکٹر طاہر القادری نے کئی بار قوم کو یاد دلایا کہ موجودہ نظام کے ذریعے گذشتہ 66 سالوں میں کوئی تبدیلی نہیں آئی اور آئیندہ سو سالوں تک بھی اس نظام کے تحت انتخابات ہوتے رہے تو مثبت تبدیلی نہیں آئیگی۔ وہ گزشتہ روز مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں پاکستان عوامی تحریک یوتھ ونگ کے زیراہتمام منعقدہ سیمینار بعنوان ’’پاکستان، سازشیں، مسائل اور انکا حل‘‘ سے خطاب کر رہے تھے۔ جبکہ اس موقع پر شعیب طاہر، عتیق چوہدری، وقار احمد، عصمت اللہ، مشتاق نوناری ایڈووکیٹ، ساجد بھٹی اور جواد حامد بھی موجود تھے۔

خرم نواز گنڈا پور نے کہا کہ قوم کو موجودہ غاصبانہ اور کرپٹ نظام کے خلاف ڈاکٹر طاہر القادری کا ساتھ دیتے ہوئے عوامی انقلاب کیلئے منظم جدوجہد کرنا ہو گی۔ آج ہمیں ریاست یا کرپٹ سیاست میں سے کسی ایک کا چناؤ کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہر القادری نے اس ظالمانہ نظام کی تبدیلی کیلئے ایک کروڑ نمازیوں کی تیاری کا آغاز کر دیا ہے۔ جنوری 2013 میں لانگ مارچ کی صورت میں اذان انقلاب اور 11مئی اور 25 مئی کے عوامی اجتماعات کی شکل میں اقامت ہو چکی ہے اب صرف نماز انقلاب کیلئے صف بندی اور تکبیر کا مرحلہ باقی ہے جس کے بعد نماز انقلاب کھڑی ہو جائے گی۔ اقامت اور جماعت کا دورانیہ مختصر ہوا کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک بچانے کیلئے اور حقیقی عوامی انقلاب کیلئے عوام کا سمندر ہر شہر سے نکلے گا اور اس نام نہاد نظام کو سمندر برد کر دے گا۔ قوم اگر ڈاکٹر طاہر القادری کے ویژن کے مطابق خوشحال پاکستان دیکھنا چاہتی ہے تو موجودہ نظام انتخاب کو مسترد کر دے یہ نظام پا کستان کا رضا شاہ پہلوی ہے جس کے خلاف ایرانی قوم اٹھی تھی۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top