فیصل آباد: سانحہ پشاور اظہار یکجہتی ریلی، شہداء کی یاد میں شمعیں روشن

فیصل آباد: پاکستان عوامی تحریک ویمن ونگ فیصل آباد کے زیراہتمام سانحہ پشاور کے شہید بچوں کی یاد میں شمعیں روشن کی گئیں اور اظہار یکجہتی ریلی نکالی گئی۔ ریلی میں خواتین نے بینرز، کتبے اٹھا کر شہداء کے ساتھ اظہار عقیدت و محبت کیا۔ اس موقع پر پاکستان عوامی تحریک ویمن ونگ کی ضلعی صدر فاطمہ سجاد، نائب صدر فرحت دلبر قادری، آرگنائزر ڈاکٹر روبینہ رشید، جنرل سیکرٹری ثمر سعید، ناظمہ روبینہ خاکی، قمر النساء خاکی نے سانحہ پشاور کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سکول پر حملہ فوج، پاکستان اور پاکستان کے ہر شہری پر حملہ ہے۔ دہشت گردوں نے ہماری روحوں کو زخمی کیا، اب وقت آ گیا ہے کہ بچے کھچے دہشت گردوں اور انکے اعلانیہ اور غیر اعلانیہ سر پرستوں کو چن چن کر ختم کر دیا جائے۔ آپریشن ضرب عضب کی اہمیت اور ضرورت پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کی جنگ لڑنا تنہا فوج کا کام نہیں، پوری قوم کو دہشت گردوں کے خلاف لڑنا ہو گا۔ سانحہ پشاور کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ سیاسی جماعتیں اس سوچ سے باہر نکل آئیں کہ یہ ہماری نہیں کسی اور کی جنگ ہے بلکہ یہ ہماری جنگ ہے، قوم اسے اپنی جنگ سمجھتے ہوئے یکجا ہو جائے۔ پاکستان عوامی تحریک دہشت گردی کی ہر شکل کے خلاف ہے۔ سب سے پہلے ڈاکٹر طاہرالقادری نے آپریشن ضرب عضب کی حمایت کا اعلان کیا اور خود کش حملوں اور دہشت گردی کے خلاف 600 صفحات پر مشتمل فتوی دیا۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کو شہید کرنے والوں کا ایجنڈہ کچھ بھی ہو یہ اسلام اور پاکستان کے دشمن ہیں۔ دہشت گردی پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ ہے پوری قوم کو یکسو اور یک جان ہو کر اس کے خلاف لڑنا ہو گا۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top