بھکر: پاکستان عوامی تحریک کی دہشت گردی کے خلاف احتجاجی ریلی‎

خوفزدہ اور دوہرے معیار والی حکمران قیادت دہشت گردی کا خاتمہ نہیں کر سکتی۔ رحیق احمد عباسی
ماڈل ٹاؤن دہشت گردی کیس فوجی عدالت میں چلایا جائے، ناحق خون بہانے والوں کو گرفتار کیا جائے، صدر عوامی تحریک
تحریک انصاف، مجلس وحدت المسلمین کے کارکنان اور سماجی و صحافتی تنظیموں کے عہدیداروں کی شرکت‎

لاہور (یکم فروری 2015) پاکستان عوامی تحریک کے زیراہتمام بھکر میں شکار پور دہشت گردی کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی گئی، جس کی قیادت مرکزی صدر ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کی۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دھاندلی کر کے اقتدار میں آنے والی خوفزدہ اور دوہرے معیار والی حکمران قیادت دہشت گردی کا خاتمہ نہیں کر سکتی۔ اس موقع پر ڈاکٹر رحیق عباسی نے شکار پور دہشت گردی کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کا واقعہ حکمرانوں کی نا اہلی، غیر سنجیدگی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے ذمہ دار حکمران دہشت گرد ختم نہیں کر سکتے، یہ جب تک مسلط رہے بے گناہوں کا خون بہتا رہے گا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ماڈل ٹاؤن دہشت گردی کیس فوجی عدالت میں چلایا جائے اور 14 بے گناہوں کا خون بہانے والوں کو گرفتار کیا جائے۔ ماڈل ٹاؤن دہشت گردی کا کیس ایک ٹیسٹ کیس ہے، انصاف کے بول بالا کیلئے ماڈل ٹاؤن میں خون بہانے والوں کو کیفر کردار تک پہنچانا ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی ایکشن پلان پر عمل درآمد نہیں ہو رہا، حکمران فوجی عدالتوں کے خلاف پراپیگنڈہ کروا رہے ہیں۔ ریلی میں مقامی رہنماؤں نذر عباس کہاوڑ، جمعہ خان، حکیم ارشد علی خان، ضمیر مصطفوی، عمر دین و دیگر شامل تھے۔ ریلی میں تحریک انصاف، مجلس وحدت المسلمین کے کارکنان اور سماجی و صحافتی تنظیموں کے عہدیداروں نے بھی شرکت کی۔

ڈاکٹر رحیق عباسی نے شکارپور امام بارگاہ میں دہشت گردی کے المناک واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ لگتا ہے ملک دہشت گردوں کے حوالے کر دیا گیا، دہشت گردی ختم نہ ہوئی تو ملک کا اللہ ہی حافظ ہے۔ امریکہ اور یورپی ممالک نے دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے انسانی حقوق تک معطل کر دیے مگر وہاں کوئی حکومت، پارلیمنٹ، عدلیہ، سول سوسائٹی یا آرگنائزیشن رکاوٹ نہیں بنی سب نے یکجا ہو کر دہشت گردی کا گلا گھونٹا، پاکستان میں ایسا کیوں ممکن نہیں؟ ڈاکٹر رحیق عباسی نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری واحد قومی رہنما ہیں جو دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے جان ہتھیلی پر رکھ کر جدوجہد کر رہے ہیں۔ حکمرانوں کی منافقت بے نقاب کرنے پر عوامی تحریک اور تحریک منہاج القرآن کے خلاف انتقامی کارروائیاں تیز کر دی گئیں مگر ہم حکمرانوں کے ان اوچھے ہتھکنڈوں سے گھبرانے والے نہیں۔ انہوں نے کہا کہ انقلاب مارچ میں بھکر کے غیور، اسلام اور پاکستان سے محبت کرنے والے نوجوانوں، بزرگوں، خواتین نے شرکت کر کے جرات و بہادری اور قربانیوں کی ایک نئی تاریخ رقم کی، ڈاکٹر طاہرالقادری اور عوامی تحریک کا ایک ایک کارکن ان قربانیوں کو یاد رکھے گا۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top