حقیقی مسلمان امن، محبت اور احساس انسانیت کا پیکر ہو تا ہے: سید ہدایت رسول قادری

شیطان کے پیروکار افراد معاشرے میں افراتفری، انتشار، افتراق اور بے حیائی کو فروغ دیتے ہیں
ہم دنیا سے چھپ کر گناہ کرسکتے ہیں مگر اللہ تعالی سے نہیں چھپ سکتے۔ جمعہ کے اجتماع سے خطاب

فیصل آباد (24 اپریل 2015ء) تحریک منہاج القرآن کے ضلعی امیر سید ہدایت رسول قادری نے کہا ہے کہ اللہ ہر کام کو دیکھ رہا ہے۔ اگر یہ عقید ہ پختہ ہو جائے تو انسان ظلم و بربریت کے کام ترک کر دے۔ حقیقی مسلمان امن، محبت اور احساس انسانیت کا پیکر ہوتا ہے۔ شیطان کے پیروکار افراد معاشرے میں افراتفری، انتشار، افتراق اور بے حیائی کو فروغ دیتے ہیں۔ رحمان کے بندے معاشرے میں امن ومحبت کے چراغ روشن کردیتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

ہدایت رسول قادری نے کہا کہ جس بندے کی خلوت پاکیزہ ہوجائے تو جلوت میں اللہ اسے برکتوں سے نواز دیتا ہے۔ اللہ تعالی کا دوست اصل میں وہی ہوتا ہے جو اپنی جلوت اور خلوت کو پاکیزہ کرلیتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ مسلمانوں کی عبادت کا نورا ن کے چہروں پر چمکتا ہے اور اللہ تعالی انہیں ایک نورانی قوت عطا کرتا ہے۔ یہی نورانی قوت مرنے کے بعد قبر میں روشنی پھیلا دیتی ہے۔ جس سے جنت کی ٹھنڈی ہوائیں نصیب ہوتی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ہم دنیا سے چھپ کر گناہ کرسکتے ہیں مگر اللہ تعالی سے نہیں چھپ سکتے کیونکہ وہ ظاہروباطن سے آشنا ہے۔ انہوں نے کہاکہ آخرت کو بھول جانے والا انسان گھاٹے میں ہے مگر جو آخرت کو یاد کرتا ہے اوراپنے اعمال کو درست کر لیتا ہے۔ اللہ تعالی اس کے اقوال اور احوال میں اپنی رحمت شامل کردیتا ہے۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top