حضرت علی رضی اللہ عنہ اور ان کے گھرانے سے محبت کرنا اور غم حسین میں رونا ایمان کی علامت ہے: سید ہدایت رسول

مورخہ: 03 مئی 2015ء

فیصل آباد (3 مئی 2015ء) تحریک منہاج القرآن کے ضلعی امیر سید ہدایت رسول قادری نے کہا کہ حضرت علی رضی اللہ عنہ حکمت  و لایت کے شہنشاہ ہیں اور ان کے قدموں کی دھول کے صدقے حکمت و بصیرت کی خیرات بٹتی ہے۔ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم حکمت کے شہر اور حضرت علی رضی اللہ عنہ اسکا دروازہ ہیں۔ حضرت علی رضی اللہ عنہ سے محبت کرنا حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور اللہ سے محبت کرنا ہے۔ اہل بیت کا مرتبہ انسانی عقل سے ماورا ہے۔ قرآن حکیم میں جن کیلئے آیت تطہیر اتری ہو ان سے شدید محبت کرنا ہر اہل ایمان کیلئے خوش نصیبی کا باعث ہے۔ مقام غدیر پر محسن انسانیت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے حضرت علی رضی اللہ عنہ کیلئے جو کلمات کہے وہ ان کی حضرت علی رضی اللہ عنہ سے والہانہ محبت کے عکاس ہیں اور پوری امت کیلئے حضرت علی رضی اللہ عنہ کا مقام و مرتبہ جاننے کیلئے رہنمائی کا عظیم ذریعہ ہیں۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے جشن مولود کعبہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

ہدایت رسول قادری نے کہا کہ اللہ کی رضا کے حصول کے سفر میں بہت سی کٹھن منازل بھی آتی ہیں ان آزمائشوں پر استقامت اختیار کرنے والوں کیلئے بالآخر دنیا و آخرت میں آسانیاں ہوتی ہیں۔ صابر رہنے والوں کو اہل بیت اطہار کی محبت کی صورت میں انعام ملتا ہے۔ حضرت علی رضی اللہ عنہ اور ان کے گھرانے سے محبت کرنا اور غم حسین میں رونا ایمان کی علامت ہے۔ انہوں نے کہا کہ حضرت علی رضی اللہ عنہ کی حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے محبت کا ہر پہلو کمال پر تھا۔ ہجرت کی شب اس یقین کے ساتھ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے بستر مبارک پر رات گزارنا کہ میرا کوئی بال بھی بیکا نہیں کرسکتا حضرت علی رضی اللہ عنہ کی حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے والہانہ محبت کی دلیل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم مادہ پرستی کی دوڑ میں ہانپ رہے ہیں جبکہ سکون اللہ کے مقرب بندوں سے محبت سے ملتا ہے۔ حضرت علی رضی اللہ عنہ سے محبت کا تعلق قائم کرنا حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے محبت کرنا ہے اور جنہیں ان ہستیوں کی محبت مل جاتی ہے کامرانیاں انکا مقدر ہوتی ہیں۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top