معراج النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کانفرنس 2015

مورخہ: 16 مئی 2015ء

مورخہ 16 مئی 2015ء کو منہاج القرآن علماء کونسل کے زیراہتمام معراج النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کانفرنس تحریک منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ لاہور کے صفہ ہال پر منعقد ہوئی۔ اس موقع پر ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن خرم نواز گنڈاپور، راجہ زاہد محمود، علامہ سید فرحت حسین شاہ، علامہ میر آصف اکبر، علامہ محمد حسین آزاد الازہری، علامہ محمد عثمان سیالوی، جواد حامد دیگر علماء و مشائخ، مرکزی قائدین تحریک منہاج القرآن اور منہاج القرآن ویمن لیگ کی عہدیداران نے خصوصی شرکت کی۔ علاوہ ازیں لاہور بھر سے خواتین و حضرات کی کثیر تعداد نے کانفرنس میں شرکت کی۔

کانفرنس کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام مجید سے ہوا جس کے بعد آقا دو جہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں گلہائے عقیدت کے پھول نچھاور کیے گئے۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے معراج النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے مبارک موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے معراج النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم زندہ معجزہ ہے جس کی تصدیق کلام اللہ قرآن پاک نے کی ہے۔ معجزہ کی حقیقت سے انکار کرنے والے ابوجہل اور تصدیق کرنے والے سیدنا صدیق اکبر رضی اللہ عنہ کے لقب سے مشہور ہوئے۔ نماز محبت اور عظمت کے سفر معراج کا تحفہ ہے۔ امت مسلمہ اس عظیم تحفہ کو سینے سے لگا کر رکھے۔ نماز پنجگانہ نجات اور راحت کا راستہ ہے۔ انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ معجزات اللہ رب العزت کی قدرت کاملہ کا پرتو ہوتے ہیں اور معجزات سے اللہ اپنے بندوں کو صراط مستقیم دکھاتا ہے۔ اللہ نے امت کی قوت ایمانی کی آزمائش اور انبیاء کے دعویٰ نبوت کی صداقت کیلئے انہیں معجزات سے نوازا اور تمام معجزات مل کر بھی معجزہ معراج النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی عالمگیریت اور حقانیت کو نہیں پہنچ سکتے۔

انہوں نے کہا کہ واقعہ معراج کے ظہور پذیر ہونے کے بعد عالم کفر نے سوالات کے پہاڑ کھڑے کیے اور اہل ایمان کے ایمان کو متزلزل کرنے کی جسارت کی مگر پیغمبر خدا کے ذریعے توحید کی سچائی پا لینے والے قلوب کو تشکیک کی نذر کرنا محض عالم کفر کی بچگانہ خواہش تھی کیونکہ اہل ایمان کیلئے زبان اقدس سے نکلا ہوا ہر حرف، حرف آخر ہے۔ واقعہ معراج کا تعلق ایمان، ایقان اور وجدان سے ہے۔ انہوں نے کہا کہ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے سفر معراج کے ذریعے قیامت تک کیلئے کائنات کو علم و سائنس کے نئے راستے دکھائے مگر بدقسمتی سے امت محمدی جس پر پہلا حرف ’’اقراء‘‘ کا نازل ہوا وہ آج جہالت، انتہا پسندی، کم علمی کے اندھیروں میں غرق ہے۔شیخ الاسلام نے کہا کہ دنیاوی خواہشات اور ہوائے نفس کو کنٹرول میں رکھتے ہوئے آخرت کی فکر ہی جسم سے جسمانیت کو نکال کر روح میں روحانیت کو پیدا کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ معراج مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے یہی سبق ملتا ہے کہ آج کے اس نفسا نفسی کے دور میں بھی انسان رشک ملائک ہوسکتا ہے لیکن یہ مقام صرف اور صرف روحانی معراج کے ذریعے ہی ممکن ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ سب کو معراج کی تمام تر سعادتیں اور رحمتیں اور برکتیں اپنے دامن میں سمیٹنے کی توفیق و ہمت عطا فرمائے اور دلوں کو عشق مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے معمور فرمائے کہ یہی زندگی کا اصل سکون ہے۔

ناظم منہاج القرآن علماء کونسل سید فرحت حسین شاہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ معراج شریف کا ہی مبارک موقع تھا جب رب کریم نے حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو آپ کی امت کیلئے ’’نماز‘‘ کا تحفہ عطا کیا۔ امت کی خوشی کیلئے نماز کو مومن کی معراج قرار دیا گیا۔ اللہ تعالیٰ نے شب معراج کے موقع پر حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو 3 طرح کے علوم عطا فرمائے۔ ایک وہ علم جو آپ کیلئے خاص ہے۔ آپ کے علاوہ کوئی بھی اس کا متحمل نہیں ہوسکتا۔ دوسرا علم ایسا عطا کیا گیا جس کے متعلق آپ کو اختیار دیا جسے مستحق سمجھیں جتنا چاہیں عطا فرما دیں۔ تیسرا علم وہ ہے جس کو کائنات کیلئے عام فرما دیا گیا۔ اس حصے کا یہ عالم ہے کہ زندگی کا کوئی بھی شعبہ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے تشنہ تکمیل نہیں چھوڑا۔

کانفرنس کے اختتام پر درود و سلام کے نذرانے پیش کئے گئے اور امت مسلمہ کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top