کاہنہ میں فیکٹری کی چھت گرنے سے مزدوروں کی ہلاکت افسوسناک سانحہ ہے: عوامی تحریک

عمارتوں اور فیکٹریوں کا معیار چیک کرنے والے حکومتی ادارے کہاں ہیں ؟
فیکٹری مالکان کے ساتھ مزدوروں کی ہلاکت کی ذمہ دار پنجاب حکومت ہے

لاہور (4ستمبر 2015) پاکستان عوامی تحریک لاہور کے انچارج چیف کوآرڈینیٹر میجر (ر) محمد سعید، راجہ زاہد اور جنرل سیکرٹری عارف چوہدری نے کاہنہ میں فیکٹری کی چھت گرنے سے مزدوروں کی ہلاکت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں اس طرح کے افسوس ناک حادثات پہلے بھی کئی بار ہوچکے ہیں اور آج پھر اتنا بڑا افسوسناک سانحہ ہوگیا ہے۔ عمارتوں اور فیکٹریوں کا معیار چیک کرنے والے حکومتی ادارے کہاں ہیں؟ فیکٹری مالکان کے ساتھ مزدوروں کی ہلاکت کی ذمہ دار پنجاب حکومت ہے، محنت کشوں کی ہلاکت پر نام نہاد خادم اعلیٰ اور انکی ٹیم کی خاموشی لمحہ فکریہ ہے۔

رہنماؤں نے کہاکہ پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہرالقادری کی ہدایات پر عوامی تحریک اور منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے رضا کاروں نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر امدادی سرگرمیوں میں حصہ لیا اور اپنے زخمی بھائیوں کو خون کے عطیات دئیے۔ دریں اثناء عوامی تحریک اور تحریک منہاج القرآن کے مرکزی، صوبائی اور ضلعی قائدین نے محنت کشوں کی ہلاکت پر شدید رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ حادثے کے اسباب کا فوری جائزہ لیا جائے اور ذمہ داران کو قرار واقعی سزا دی جائے۔

عوامی تحریک کے قائدین نے کہا کہ ہلاک ہونے والے مزدوروں کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا گو ہیں۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top