منیٰ کے دلخراش واقعہ نے امت مسلمہ کو غمزدہ کر دیا: ڈاکٹر طاہرالقادری

زخمی حجاج کی جلد صحت یابی اور گھروں کو محفوظ واپسی کیلئے دعا گو ہیں، سربراہ عوامی تحریک
یمن اور نائجیریا میں دھماکوں کی مذمت اور قیمتی جانوں کے ضیاع پر دلی دکھ کا اظہار
کارکن اور قوم سانحات کے باعث عید سادگی سے منائیں، ملک و قوم کی سلامتی کیلئے دعائیں کریں

لاہور (24 ستمبر 2015) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے منیٰ میں حاجیوں کی شہادت کے دلخراش واقعہ پر دلی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ واقعہ نے پوری امت مسلمہ کوغمزدہ کر دیا ہے۔ شہید ہونے والے حجاج کرام کے ورثاء اور ممالک سے دلی تعزیت کرتے ہیں اور دعا کرتے ہیں اللہ تعالیٰ زخمیوں کو جلد سے جلد صحت یاب کرے اور وہ خیر و سلامتی کے ساتھ اپنے اپنے ممالک اور گھروں کو لوٹیں۔ سربراہ عوامی تحریک نے عید الضحیٰ کے حوالے سے قوم اور کارکنوں کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ عالم اسلام اس وقت دہشت گردی کا شکار ہے، امت کے ہر فرد کو فتنہ خوارج کے خلاف نبرد آزما ہونا ہو گ۔ دہشتگردی اور انتہا پسندی کے خاتمہ کیلئے ضرب علم ناگزیر ہے، بالخصوص نوجوان اسلام کی امن، اخوت اور برداشت پر مبنی حقیقی تعلیمات کو عام کریں، مٹھی بھر گمراہ عناصر اسلام اور انسانیت پر حملہ آور ہیں۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے یمن کی مسجد میں نماز عید کے موقع پر دہشتگرد حملہ کے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ عید کے دن مسجد کے اندر بے گناہوں کی جانیں لینے والے کائنات کے بدترین درندے ہیں۔ ان کا اسلام سے کیا انسانیت سے بھی دور کا واسطہ نہیں۔ سربراہ عوامی تحریک نے نائیجریا کی مارکیٹ میں بم دھماکہ کی بھی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ سربراہ عوامی تحریک نے عوامی تحریک کے کارکنوں اور اہل پاکستان سے اپیل کی کہ وہ حج کے دوران پیش آنے والے سانحات، پشاور دہشتگردی کے باعث عید سادگی سے منائیں اور مبارک دن کی مناسبت سے ملک و قوم اور عالم اسلام کی خیر و سلامتی، ترقی، خوشحالی، اتحاد اور استحکام کیلئے خصوصی دعائیں کریں۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top