سینکڑوں لاپتہ پاکستانیوں کے متعلق حکومت لواحقین کو معلومات فراہم کرے : عوامی تحریک

پاکستانی حجاج کی شہادتوں پر افسوس ہے، سفارتخانہ بروقت معلومات نہیں دے سکا:خرم نوازگنڈاپور
غیر ملکی ذرائع پاکستانی حجاج کی شہادتوں کی تعداد 200 سے زائد بتارہے ہیں، سیکرٹری جنرل

لاہور (27 ستمبر 2015) پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹری جنرل خرم نوازگنڈاپور نے کہا ہے کہ بیت اللہ میں پیش آنے والے دلخراش واقعہ پر عید سوگوار گزری۔ پاکستانی حجاج کی شہادتوں پر افسوس ہے۔ سفارتخانہ بروقت معلومات دینے میں ناکام رہا۔ ابھی تک حجاج کی شہادتوں کی اصل تعداد نہیں بتائی جارہی اور لواحقین میں اس حوالے سے شدید تشویش پائی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ غیر ملکی ذرائع پاکستانی حجاج کی شہادتوں کی تعداد 200 سے زائد بتارہے ہیں جبکہ سرکار ی سطح پر 20 یا 21 کی تعداد بتائی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 11 سو سے زائد شہادتیں بہت بڑا المیہ ہے اس بات کی ضرورت بڑھ گئی ہے کہ حج کے جملہ مناسک کی ادائیگی کے حوالے سے تربیت اور تحفظ کے معیار کو بہتر بنایا جائے تاکہ آئندہ کیلئے اس قسم کے سانحات سے بچا جا سکے۔ انہوں نے منیٰ میں پیش آنے والے حادثہ کے بعد بروقت طبی امداد اور ریسکیو سرگرمیوں پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ یہ بات خوش آئند اور حوصلہ افزاء ہے کہ ریسکیو سرگرمیوں میں کوئی کوتاہی دیکھنے میں نہیں آئی۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ امت مسلمہ کا سانحہ ہے جس پر ہر آنکھ اشکبار ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستانی حجاج کی شہادتوں پر ان کے لواحقین سے دلی تعزیت کرتے ہیں اور حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ سینکڑوں کی تعداد میں لاپتہ پاکستانیوں کے حوالے سے جلد سے جلد ان کے لواحقین کو معلومات فراہم کرے۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top