ڈاکٹر طاہرالقادری کی دنیا نیوز فیصل آباد میں دہشتگردی کے واقعہ کی پرزورمذمت

جمہوریت اور انسانی حقوق کے تحفظ کیلئے میڈیا کا تحفظ ناگزیر ہے: ڈاکٹر طاہرالقادری
مرکزی سیکرٹری اطلاعات کی دنیا نیوز پر حملے کیخلاف ہونیوالے احتجاجی مظاہرے میں شرکت
دہشتگردی میں ملوث عناصر کی فوری گرفتاری اور صحافی برادری کو فول پروف سکیورٹی دینے کا مطالبہ

لاہور (21 نومبر 2015) پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہرالقادری نے دنیا نیوز فیصل آباد میں دہشت گردی کے واقعہ کی پرزورمذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ صحافی ملک و قوم کیلئے جاگتی آنکھ کا درجہ رکھتے ہیں اور ہر لمحہ ملکی خدمت پر مامور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت اور انسانی حقوق کے تحفظ کیلئے میڈیا کا تحفظ ناگزیر ہے۔ حکمران عوام کے جان و مال کے تحفظ میں تو ناکام تھے ہی اب قوم کی آواز میڈیا کو تحفظ دینے میں بھی ناکام ہو چکے ہیں۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ ملک میں دہشت گردی کے واقعات کا تسلسل اور صحافیوں پر ہونے والے حملے انتہائی مذموم عمل ہیں۔ صحافی برادری کو تحفظ فراہم کرنے میں حکمران ناکام ہو چکے ہیں جبکہ آزادی اظہار حرمت قلم کے وارثوں کو مکمل تحفظ فراہم کرنا حکمرانوں کی اولین ترجیح ہونا چاہیے۔ صحافی برادری نے دہشت گردی اور انتہا پسندی کے مذموم رویوں کے خلاف ہمیشہ اہم کردار ادا کیا ہے۔ دریں اثناء پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات نوراللہ صدیقی نے لاہور پریس کلب کے سامنے دنیا نیوز پر ہونے والے حملے کے خلاف احتجاجی مظاہرے میں وفد کے ساتھ شرکت کی اور دنیا نیوز سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے مذموم واقعہ کی پرزور مذمت کی۔ نوراللہ صدیقی نے ملوث عناصر کی فوری گرفتاری اور صحافی برادری کو فول پروف سکیورٹی دینے کا مطالبہ بھی کیا۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top