عوام ظالم نظام کو جتنا برداشت کریں گے ملک کا اتنا نقصان ہو گا: ڈاکٹر طاہرالقادری

پہلے دن کہا تھا سانحہ ماڈل ٹاؤن پر مصلحت دکھانے والے ایک دن بھگتیں گے، گفتگو

لاہور (15 فروری 2016) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا ہے کہ عوام ظالم نظام کو جتنا برداشت کریں گے ملک کا اتنا نقصان ہو گا، اس نظام نے غریب کے گلے میں امیروں کی غلامی کا طوق پہنایا، پہلے دن کہا تھا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے ریاستی ظلم پر مصلحت دکھانے والے ایک دن بھگتیں گے اور اب باری باری سب بھگت رہے ہیں، جمہوریت کے نام پر ملک پر کھرب پتی کرپٹ خاندانوں کا قبضہ ہے۔ وہ گزشتہ روز پاکستان عوامی تحریک کے وکلاء رہنماؤں سے گفتگو کر رہے تھے۔

وکلا رہنماؤں نے سربراہ عوامی تحریک کو سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس کی تازہ ترین قانونی صورتحال سے تفصیل سے آگاہ کیا اور بتایا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس کے مختلف چالانوں اور فرد جرم کو یکجا کروانے کیلئے لاہور ہائی کورٹ سے رجوع کر رکھا ہے۔ دہشت گردی کی عدالت میں پولیس کے جھوٹے گواہوں کو ‘‘بُھگتایا’’ جا رہا ہے۔

ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ ماڈل ٹاؤن کے شہیدوں کو انصاف دلوانے کیلئے ماڈل ٹاؤن کے قاتلوں کو تختہ دار تک پہنچا کر دم لیں گے، انصاف کیلئے انصاف کے اداروں کی طرف دیکھ رہے ہیں آئندہ کی حکمت عملی کا انحصار فیصلے پر ہے۔

انہوں نے آزاد کشمیر میں پیپلز پارٹی کے کارکن کی موت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ موجودہ حکمران ہٹلر، مسولینی جیسے ڈکٹیٹروں کی فکر سے متاثر ہیں، انکی کوئی روایات اور سیاسی اخلاقیات نہیں ہیں، ہر قیمت پر طاقت، دولت اور اقتدار کا حصول ہی انکی سیاست ہے، کوئی ایک سیاسی جماعت ایسی نہیں جس کے کارکنوں کا ان ظالموں نے خون نہ بہایا ہو۔ انہوں نے کہاکہ آج نہیں تو کل اس لوٹ کھسوٹ کے نظام کے خلاف عوام کو اکٹھا ہونا ہو گا جتنی دیر ہو گی اتنی بربادی ہو گی، انہوں نے کہاکہ پاکستان عوامی تحریک نے اس ظالم نظام کے خلاف لڑتے ہوئے جانوں کے نذرانے دئیے اور اب بھی ظلم کے خلاف لڑ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ قاتل سمجھ رہے ہیں کہ سب اچھا ہے اور وہ 14 شہیدوں کے خون کو ہضم کر لیں گے مگر انہیں یہ معصوم خون ہضم نہیں ہو گا، یہ ہر ظلم اور خون کے ہر قطرے کا حساب دے کر اس دنیا سے رخصت ہونگے۔ انہوں نے آزاد کشمیر میں حکمران جماعت کے امیدواروں کو ریاستی اسمبلی کے انتخابات سے قبل بیس بیس کروڑ روپے دئیے جانے کی خبر پر کہا کہ عوامی مینڈیٹ کے یہ ڈاکو رائے عامہ ہائی جیک کرنے کیلئے تجوریوں کے منہ کھول دیتے ہیں۔ 2013 کے الیکشن بھی لوٹ مار کی دولت سے ہائی جیک کئے گئے، انہوں نے کہا کہ ریاستی اسمبلی کے الیکشن سے قبل کروڑوں روپے بانٹے جانے کی خبر کا نوٹس لیا جائے۔

سربراہ عوامی تحریک نے سابق سیکرٹری جنرل مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ رضوان بشیر کے والد کے انتقال پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور لواحقین کو یہ عظیم صدمہ برداشت کرنے کی ہمت دے۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top