چیف جسٹس پاکستان نے گڈ گورننس کے چہرے سے نقاب اُٹھا دیا، عوامی تحریک

مورخہ: 06 مارچ 2016ء

عدالتی احکامات پر عمل نہ کرنے والی حکومت کا اقتدار میں رہنا غیر آئینی ہے، خرم نواز گنڈا پور
مک مکا کے جمہوری نظام نے حلال، حرام کی تمیز ختم کی، خواجہ عامر فرید کوریجہ
طاقت ور شخصیات کی بے بسی سے عام آدمی کی مایوسی کئی گنا بڑھ جاتی ہے، فیاض وڑائچ

لاہور (6 مارچ 2016) پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی رہنماؤں نے چیف جسٹس آف پاکستان کے موقف کو زمینی حقائق کے عین مطابق قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ سب سے بڑی عدالت کے جج نے حکمرانوں کی گڈ گورننس کے چہرے سے نقاب اٹھایا، سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور، ڈپٹی سیکرٹری جنرل خواجہ عامر فرید کوریجہ اور جنوبی پنجاب کے صدر فیاض وڑائچ نے مشترکہ بیان میں کہاکہ جس نظام میں سپریم کورٹ کا چیف جسٹس تمام تر اخلاص، ایمانداری اور محنت کے باوجود کرپٹ انتظامیہ اور نا اہل مقننہ کو آئین و قانون کے دائرے میں نہ لا سکے اس نظام پر نظر ثانی ہی ملک اور قوم کے مفادمیں ہے اس ظالم نظام کی وجہ سے یہ بحث ہو رہی ہے کہ ہمیں موجودہ کرپٹ جمہوریت چاہیے یا ملک ؟، خرم نواز گنڈا پور نے کہاکہ جن خیالا ت کا اظہار چیف جسٹس انور ظہیر جمالی نے کیا وہ 19کروڑ عوام کے دل کی آواز ہے، یہی باتیں سربراہ عوامی تحریک ڈاکٹر طاہرالقادری ایک عرصہ سے کر رہے ہیں کہ 30 سال سے جاری مک مکا کے جمہوری نظام نے حلال حرام کی تمیز ختم کر دی ہے۔

خواجہ عامر فرید کوریجہ نے کہاکہ جو حکومت عدالتی احکامات پر عمل نہ کرے اس کا اقتدار میں رہنا غیر آئینی ہے۔ انہوں نے کہاکہ چیف جسٹس کا کراچی میں سیمینار سے خطاب در حقیقت موجودہ کرپٹ اور ظالم نظام کے خلاف چارج شیٹ ہے، جس کے محافظ اور سر پرست موجودہ حکمران ہیں۔

جنوبی پنجاب کے صدر فیاض وڑائچ نے کہاکہ جس نظام میں سچ، جھوٹ حلال، حرام کی تمیز ختم ہو جائے اسے برقرار رکھنے میں مدد دینے والے بھی برابر کے شریک ہیں۔ انہوں نے کہاکہ موجودہ ظالمانہ نظام کے خلاف عوام اور ملکی اداروں کو مل کر اپنا فیصلہ کن کردار ادا کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہاکہ ملکی اداروں نے ظلم اور نا انصافی پر مبنی اس نظام کو مزید تقویت دی تو پھر دہشتگرد قوتوں کو غلبہ حاصل کرنے سے کوئی نہیں روک سکے گا۔ عام آدمی حکومتی اداروں، محکموں اور گلی محلہ کی سطح پر حکومتی سر پرستی میں کام کرنے والے منشیات فروشوں، بد معاشوں اور غنڈوں کے ظلم کی چکی میں پس رہا ہے اورتحفظ اورانصاف کا منتظر ہے۔ انہوں نے کہاکہ طاقت ور شخصیات کی بے بسی سے عام آدمی کی مایوسی کئی گنا بڑھ جاتی ہے۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top