حکمرانوں کے ظلم کی داستانیں ماڈل ٹاؤن لاہور سے لے کر پانامہ تک پھیلی ہوئی ہیں: خواجہ عامر فرید کوریجہ

نواز شریف مظلومیت کا ڈرامہ کرنے کی بجائے آئس لینڈ کے وزیراعظم کی تقلید کریں
جاتی امراء محل کرپٹ حکمران خاندان کیلئے جیل قرار پائے گا، ڈپٹی سیکرٹری جنرل عوامی تحریک

لاہور ( 06 اپریل 2016) پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی ایڈیشنل سیکرٹری جنرل خواجہ عامر فرید کوریجہ نے کہا ہے کہ نواز شریف مظلومیت کی ڈرامہ کرنے کی بجائے آئس لینڈ کے وزیراعظم کی تقلید کریں، قوم کی نظریں اب انکے استعفیٰ پر ہیں۔ کرپٹ قیادت پاکستان کے مسائل حل نہیں کر سکتی، موجودہ حکمرانوں کے ظلم کی داستانیں ماڈل ٹاؤن لاہور سے لے کر پانامہ تک پھیلی ہوئی ہیں، 10کروڑ سے زائد غریب اور مسکین پاکستانیوں کے خوشیوں کے قاتل حکمرانوں کیلئے ان شااللہ تعالیٰ انکا محل جاتی امرا بہت جلد جیل کا درجہ اختیار کرے گا، جہاں سسک سسک کر یہ باقی زندگی گزاریں گے۔ عوام کی سوچ میں تبدیلی دیکھ رہے ہیں۔ وہ گذشتہ روز مرکزی سیکرٹریٹ میں جنوبی پنجاب سے تعلق رکھنے والے وفود اور علماء و مشائخ سے گفتگو کر رہے تھے۔

خواجہ عامر فرید کوریجہ نے کہاکہ جوڈیشل کمیشن کی بناء پر اگر پاکستان میں کچھ ہوسکتا تو سانحہ ماڈل ٹاؤن پر جسٹس باقر نجفی کمیشن کی رپورٹ فائلوں میں دفن نہ ہوتی۔ نواز شریف کو ٹی وی پر آکر مظلومیت کی داستان سنانے کی بجائے آئس لینڈ کے وزیراعظم کی تقلید کرتے ہوئے عہدہ چھوڑ دینا چاہیے۔ پاکستان عوامی تحریک موجودہ صورتحال میں کئی آپشنز پر غورکررہی ہے اور اس کے لئے ہمارے پاس دوبارہ دھرنے کا آپشن بھی موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ حیرت کی بات ہے کہ ایک طرف پانامہ لیکس جیسے بین الاقوامی سکینڈل کی وجہ سے آئس لینڈ کے وزیراعظم اور آذربائیجان کے سینیٹر نے اپنے عہدوں سے استعفیٰ دے دیا ہے وہیں پر دنیا کے دوسرے ممالک میں تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔ جبکہ دوسری طرف ہمارے ملک کے جاہل وزیر اسے کبھی پاجامہ لیکس تو کبھی شیطانی لیکس کہہ کر حقائق پر پردہ ڈالنے کی ناکام کوششوں میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پانامہ لیکس سکینڈل حکمران خاندان کے خلاف انتہائی سنجیدہ معاملہ ہے اسے کسی طور نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک سیاسی بساط پر نظریں جمائے ہوئے ہے، مستقبل عوامی تحریک اور ڈاکٹر طاہرالقادری کا ہے۔ پنجاب اسمبلی کے باہر احتجاجی مظاہرہ احتجاج کا آغاز ہے آنے والے دنوں میں اپنا بھرپور ملک گیر قومی سیاسی کردار اد ا کرنے کیلئے پوری طرح تیار ہے۔

خواجہ محمد عامر فرید کوریجہ نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری کسی بھی وقت پاکستان پہنچ سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ سب سے پہلے شریف خاندان کے بیرون ملک کالا دھن کی موجودگی کا انکشاف ڈاکٹر طاہرالقادری نے کیا تھا۔ پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی رہنماء نے کہا کہ پانامہ لیکس سکینڈل اتنا سنگین ہے کہ ن لیگ میں موجودسنجیدہ لوگ اس کا دفاع کرنے کیلئے تیار نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی اہلیہ محترمہ تہمینہ درانی کا بیان بھی غور طلب ہے حکمران خاندان کو شریف خاندان بہو کے مشورے پر خصوصی توجہ دینی چاہیے۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top