تحریک منہاج القرآن فرید ملت ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کی نئی عمارت کا افتتاح

مورخہ: 12 مئی 2016ء

ایف ایم آر آئی کا سنگ بنیاد 1981 میں ڈاکٹر طاہرالقادری نے رکھا
ریسرچ انسٹی ٹیوٹ نے ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی تحریر کردہ 503 کتب کی تحقیق اشاعت میں معاونت کی
نئی عمارت کا افتتاح چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین نے کیا، سکالرز کی شرکت

لاہور (12 مئی 2016) تحریک منہاج القرآن فرید ملت ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کی نئی عمارت کا افتتاح چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین نے کیا۔ فرید ملت ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کا سنگ بنیاد 1981 ء میں ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے رکھا جس کا مقصد دینی علوم کی تحقیق و اشاعت ادارہ جاتی نظم کے ساتھ تسلسل سے جاری رکھنا تھا۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایف ایم آر آئی کے ڈپٹی ڈائریکٹر محمد فاروق رانا نے کہا کہ اپنے قیام کے 35 سال میں ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے سکالرز نے شیخ السلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی تحریر کردہ 503 کتب کے حوالے سے تحقیق، اشاعت میں معاونت کی اور قریب قریب اتنی ہی کتب اور خطابات پر کام جاری ہے۔ فاروق رانا نے بتایا کہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی کتب کے تراجم کا فریضہ بھی یہی ریسرچ انسٹی ٹیوٹ انجام دیتا ہے، اب تک درجنوں کتب کا انگلش، نارویجن، فرنچ، ڈینش، ہندی، بنگالی، گجراتی، سندھی، عربی زبانوں میں تراجم ہو چکے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ایف ایم آر آئی میں 45 سکالرز کل وقتی کام کرتے ہیں۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر حسن محی الدین القادری نے کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ نے دین اسلام کی ترویج و اشاعت اور تحقیق کی سعادت تحریک منہاج القرآن کو عطا کی ہے۔ الحمد اللہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی سرپرستی میں فرید ملت ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے سکالرز نے دہشتگردی اور فتنہ خوارج اور فروغ امن کے اسلامی نصاب کی تیاری جیسا عظیم تحقیقی کام کیا۔ انہوں نے نئی عمارت کے حوالے سے خصوصی خدمات انجام دینے پر ناظم اعلیٰ منہاج القرآن خرم نواز گنڈاپور کو مبارکباد دی اور ایم ایف آر آئی کے سکالرز کو بھی مبارکباد دی۔ افتتاحی تقریب میں مفتی عبدالقیوم ہزاروی، ممتاز الحسن باروی، الیاس اعظمی، نصراللہ معینی، رانا ادریس، جی ایم ملک، سید الطاف حسین شاہ، ڈاکٹر ممتاز سدیدی، بشارت جسپال، فیاض وڑائچ، شہزاد رسول، نوراللہ صدیقی، راجہ زاہد، ساجد بھٹی، جواد حامد، مشتاق نوناری ایڈووکیٹ و دیگر نے شرکت کی۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top