کوئٹہ دہشتگردی قومی سانحہ ہے، انسانیت کے دشمنوں نے ایک بار پھر خون کی ہولی کھیلی، ڈاکٹر طاہرالقادری

مورخہ: 08 اگست 2016ء

ہسپتالوں اور مریضوں کو ٹارگٹ کرنے والے انسانیت کے نام پر دھبہ ہیں، سربراہ عوامی تحریک
بڑی تعداد میں وکلاء، صحافیوں اور معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا گیا، فول پروف سیکیورٹی کے دعوے بے نقاب
سربراہ عوامی تحریک کی کوئٹہ بار کے صدر کے قتل کی شدید الفاظ میں مذمت

لاہور (8 اگست 2016) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کوئٹہ ہسپتال میں خود کش حملہ کی مذمت اور درجنوں اموات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اسے قومی سانحہ قرار دیا اور کہاکہ انسانیت کے دشمنوں نے ایک بار پھر خون کی ہولی کھیلی اور بلوچستان کو خون میں نہلا دیا، انہوں نے بڑی تعداد میں وکلاء، صحافیوں اور معصوم شہریوں کو نشانہ بنانے کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ انہوں نے کہاکہ ہسپتالوں اور مریضوں کو ٹارگٹ کرنے والے انسانیت کے نام پر دھبہ ہیں۔ انسانیت کے یہ دشمن کسی رو رعائت کے مستحق نہیں، وہ گزشتہ روز عوامی تحریک کے مرکزی رہنماؤں کے خصوصی اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔

انہوں نے کہاکہ کوئٹہ دہشتگردی نے فول پروف سیکیورٹی کے حکومتی دعوؤں کو بے نقاب کر دیا۔ انہوں نے بلوچستان ہائیکورٹ بار کے صدر کی ٹارگٹ کلنگ کی بھی شدید الفاظ میں مذمت کی اور دہشتگردوں کی گرفتاری کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہاکہ بلوچستان کو ایک بار پھر خون میں نہلا دیا گیا عوامی تحریک سمیت پاکستان کا ہر شہری سوگوار خاندانوں کے ساتھ ہے اور ہم زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا گو ہیں۔ انہوں نے کہاکہ جب بھی دہشتگردی کی واردات ہوتی ہے تو قوم کو قومی ایکشن پلان یاد آتا ہے جسے حکمرانوں نے منظور ہونے کے فوری بعد بھلا دیا تھا۔ آپریشن ضرب عضب کی کامیابی اسی صورت ممکن ہے جب قومی ایکشن پلان کی ہر شق پر اس کی روح کے مطابق عمل ہو گا اور کرپشن اور دہشتگردی کے گٹھ جوڑ کا خاتمہ ہو گا۔ سربراہ عوامی تحریک نے کہا کہ دہشتگردی کا نشانہ بننے والے ہر شہری کے قاتل یہ حکمران ہیں، جنہوں نے عوام کے جان و مال کے تحفظ اور دہشتگردی کے خاتمہ کی جنگ کو سرے سے ہی سنجیدہ نہیں لیا۔

سربراہ عوامی تحریک نے کوئٹہ ہسپتال میں دہشتگردی کا نشانہ بننے والے منہاج القرآن سے تعلق رکھنے والے منظر صدیق ایڈووکیٹ کی شہادت پر بھی افسوس کا اظہار کیا اور ان کے درجات کی بلندی کی دعا کی۔

دریں اثناء سربراہ عوامی تحریک سے گوجرانوالہ، فیصل آباد کے تنظیمی وفود اور عوامی تحریک کے سپوکس پرسنز نے بھی ملاقات کی۔ اس موقع پر خرم نواز گنڈا پور، بشارت جسپال، نور اللہ صدیقی، قاضی فیض الاسلام، اشتیاق چوہدری ایڈووکیٹ، عارف چودھری، عین الحق، عائشہ شبیر، قاضی شفیق، راجہ زاہد بھی موجود تھے۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top