آئرلینڈ: منہاج القرآن انٹرنیشنل کی تنظیم نو، علامہ محمد عدیل امیر اور فرخ وسیم بٹ صدر منتخب

مورخہ: 08 مارچ 2017ء

ڈبلن: عصرِ حاضر کی دینی و فکری، دعوتی و انقلابی، اخلاقی و روحانی، فکری و اجتہادی اور اصلاح احوال امت کی تحریک، منہاج القرآن انٹرنیشنل آئرلینڈ کے فروغ و استحکام اور تنظیم نو کے لیے مشاورتی اجلاس 8 مارچ 2017 کو ڈبلن میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت منہاج القرآن انٹرنیشنل برطانیہ کے صدر سید علی عباس بخاری نے کی۔ اجلاس میں فرخ وسیم بٹ، حافظ محمد سعید، مرزا رضوان بیگ، سید ذیشان شاہ، محمد ذوہیب بٹ قادری، محمد محی الدین، ذیشان احمد اور محمد شہزاد شریک تھے۔

اجلاس کا آغاز تلاوت قرآن پاک اور نعت رسول قبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے ہوا۔ وسیم بٹ نے استقبالیہ کلمات ادا کرتے ہوئے شرکائے اجلاس کو تعارف کروایا اور آئرلینڈ میں منہاج القرآن انٹرنیشنل کی تنظیمی صورتحال کے بارے میں آگاہ کیا۔ سید علی عباس بخاری نے اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لوگ خوش قسمت ہیں کہ اس دیار غیر میں ایمان کی حفاظت، احیائے اسلام اور مصطفوی انقلاب کے عالمگیر مشن کے ساتھ وابستہ ہیں اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمدطاہرالقادری کی قیادت میں روز اول سے ہی اصلاح احوال امت، تجدید و احیائے دین، غلبہ و نفاذ اسلام اور تعلیم وشعور کے فروغ کے لیے سرگرم عمل ہے۔

سید علی عباس بخاری تنظیمی امور میں بہتری اور مشن کے فروغ کے لیے اٹھائے جانے والے اقدام کو سراہا۔ اجلاس میں مشاورت سے منہاج القرآن انٹرنیشنل آئرلینڈ کی اگلے دو سال کے لیے تنظیم سازی کی گئی۔ نومنتخب عہدیداران میں علامہ محمد عدیل کو منہاج القرآن انٹرنیشنل آئرلینڈ کے امیر، فرخ وسیم بٹ کو صدر، رضوان احمد طور کو نائب صدر، ڈاکٹر مدثر ثاقب کو جنرل سیکرٹری، آصف رضا کو جوائنٹ سیکرٹری، حافظ محمد سعید کو فنانس سیکرٹری، مدثر بھٹی کو نائب فنانس سیکرٹری اور احمد فیاض کو میڈیا سیکرٹری کی ذمہ داریاں تفویض کی گئیں۔ سید علی عباس بخاری نے نومنتخب عہدیداران کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ منہاج القرآن انٹرنیشنل کے عالمگیر قافلے سے وابستہ ہوجانے کے بعد ہم پر لازم ہے کہ اپنے قول و فعل سے دعوت دین کا فریضہ سر انجام دیں اور اس مصطفوی انقلاب کے پاکیزہ مشن کے ابلاغ کے لیے دن رات خلوص نیت کے ساتھ اپنی خدمات سر انجام دیں۔انہوں نے تنظیمی امور کے بارے میں ہدایات بھی جاری کیں۔ سید علی عباس بخاری کی خصوصی دعا کے ساتھ اجلاس کا اختتام ہوا۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top