فیصل آباد: منہاج القرآن علماء کونسل کا اجلاس

منہاج القرآن علماء کونسل فیصل آباد کے زیراہتمام 13 اپریل 2017 کو سٹی آفس میں علماء کونسل کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں منہاج القرآن علماء کونسل کے مرکزی ناظم علامہ میر آصف اکبر، نائب امیر علامہ اختر حسین اسد، ڈاکٹر یوسف سیالوی، شبیراحمد وٹو، قاری سرفراز سیالوی اور رضا امین سمیت سکالرز، علماء اور طلبہ نے شرکت کی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ میر آصف اکبر نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے پاکستان اور ملت اسلامیہ کو دہشت گردی کے خاتمے اور فروغ امن کا متبادل بیانیہ دیا۔ 2010 میں 600 صفحات کا دہشتگردی کے خلاف فتویٰ اور 2015 میں فروغ امن نصاب دیا۔ اب تک متبادل بیانیہ کے حوالے سے منہاج القرآن کے بانی و سرپرست اعلیٰ 37 کتب تحریر کرچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کو انتہاء پسندی سے بچانا فی زمانہ سب سے بڑی اسلامی و ملی خدمت ہے۔ دشمن ہماری جغرافیائی سرحدوں کی پامالی کے ساتھ ہماری نظریاتی، ایمانی اور روحانی حدود کی بھی پامالی چاہتا ہے۔ اس پر فتن دور میں نوجوانوں کی فکری راہنمائی علمائے کرام کا عملی فریضہ ہے۔ سوشل میڈیا پر ہونیوالی شر انگیز بحثیں اور توہین آمیز مواد کے پیچھے افراد نہیں بلکہ منظم گروہ ہیں، وہ ایسی مکروہ مہم چلانے کے عوض بھاری رقوم وصول کر رہے ہیں۔ سوشل میڈیا کے غلط استعمال کو روکنے کے لیے نوجوان نسل کو علم، تحقیق اور دلیل کے ہتھیار سے مسلح ہونا چاہئے۔

منہاج القرآن علماء کونسل فیصل آباد کے امیر علامہ عزیزالحسن اعوان نے کہا کہ زمین پر فساد کرنیوالے اللہ اور اسکے رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے مجرم ہیں۔ بےگناہوں کا ناحق خون بہانے والے اس دنیا اور آخرت دونوں میں رسوا ہونگے۔ اللہ کے برگزیدہ بندوں کی یہ نشانی ہے کہ وہ امن، محبت، تقویٰ اور بھائی چارے کو عام کرتے ہیں اور فساد فی الارض سے دور رہتے ہیں۔ ہماری دعا ہے کہ آپریشن رد الفساد اپنے مقاصد میں کامیاب ہو اور ملک میں امن قائم ہو۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے دہشتگردی اور رد الفساد کے خاتمے کیلئے 37 سے زیادہ کتابیں لکھی ہیں۔ شیخ الاسلام نے ان کتابوں میں امن، محبت، بھائی چارے اور احترام انسانیت کی بات کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پورے ملک میں امن و امان کی صورتحال بےحد تشویشناک ہے، آئے روز معصوم اور بے گناہ لوگوں کا خون بہایا جارہا ہے۔ فسادیوں کا کوئی مذہب نہیں، ان کا خاتمہ کرنا ہر امن پسند کا فرض ہے۔انہوں نے کہا کہ ناموس رسالت ﷺ کا تحفظ ہر کلمہ گو مسلمان کے ایمان کا لازمی جز ہے۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top