فروغ علم کیلئے کوششیں بہترین عبادت اور انسانیت کی خدمت ہے: ڈاکٹر حسین محی الدین

منہاج القرآن کے صدر نے جھنگ میں سیکرٹریٹ اور عظیم الشان جامع مسجد کی تعمیر کا اعلان کیا
سربراہ عوامی تحریک کے والد گرامی ڈاکٹر فرید الدین قادری کی یاد میں منعقدہ سالانہ کانفرنس سے خطاب

لاہور (13 جولائی 2017) تحریک منہاج القرآن انٹرنیشنل کے صدر ڈاکٹر حسین محی الدین نے جھنگ میں تحریک منہاج القرآن کے سیکرٹریٹ اور ایک عظیم الشان جامع مسجد قائم کرنے کا اعلان کیا، یہ اعلان انہوں نے سربراہ عوامی تحریک ڈاکٹر طاہرالقادری کے والد گرامی ڈاکٹر فرید الدین قادری کی یاد میں منعقدہ سالانہ کانفرنس کے موقع پر کیا، ڈاکٹر حسین محی الدین نے کہا کہ ڈاکٹر فرید الدین قادری ایک علم دوست، خدا ترس اور عبادت گزار انسان تھے، ان کی ساری زندگی تحصیل علم، فروغ علم اور انسانیت کی خدمت میں صرف ہوئی، آج ان کا فرزند ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے نام سے پوری دنیا میں اسلام کی حقانیت کے دیے روشن کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلا شبہ نیک اور صالح اولاد ایک عظیم صدقہ جاریہ ہے، انہوں نے کہا کہ دینی و دنیاوی علوم کو عام کرنا بہترین عبادت ہے، اللہ کا شکر ہے علم کے فروغ کے حوالے سے جو سوچ اور جذبہ ڈاکٹر فرید الدین قادری میں تھا وہ آج پوری آب و تاب کے ساتھ ان کی آئندہ نسلوں میں منتقل ہورہا ہے، جس سے اندرون و بیرون ملک اسلامیان پاکستان و دیگر مذاہب و معاشرے مستفید ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جھنگ کی سرزمین پر علم و امن کے مراکز قائم کر کے ہم اس زرخیز زمین کے ساتھ عہد وفا نبھارہے ہیں اور یہ سلسلہ ہماری آئندہ نسلیں بھی جاری رکھیں گی، انہوں نے کہا کہ منہاج القران سیکرٹریٹ کے قیام کے بعد مختلف تعلیمی منصوبہ جات کا آغاز کریں گے اور نوجوان نسل کو جدید علوم اور راست فکر سے ہم آہنگ کرینگے، ایک عظیم الشان لائبریری بھی قائم کررہے ہیں، منہاج القرآن کے ادارے تشنگان علم کی علمی و روحانی پیاس بجھانے میں مرکزی کردار ادا کرتے رہیں گے۔ سالانہ کانفرنس میں علاقہ کے عوام، معززین، علماء، مشائخ، پروفیسرز اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی ممتاز شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top