منہاج یونیورسٹی میں برمی مسلمانوں پر مظالم کے خلاف واک، طلباء و طالبات کی بڑی تعداد کی شرکت

روہنگیا مسلمانوں پر مظالم کے خلاف اقوام متحدہ، اسلامی دنیا اور انسانی حقوق کی تنظیمیں آواز اٹھائیں: خرم نواز گنڈا پور
حسینی فکر پر عمل کرتے ہوئے نوجوانوں کو ظلم و استحصال کے نظام سے نجات کیلئے کردار ادا کرنا ہو گا: علامہ سید فرحت حسین شاہ
امت مسلمہ ترقی و عروج چاہتی ہے تو اسے شعار حسینی اپنانا ہو گا : علی وقار قادری کا ’’شہادت امام حسین علیہ السلام کانفرنس‘‘ سے خطاب

لاہور (19 اکتوبر 2017) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے کہا ہے کہ روہنگیا میں مسلمانوں کے خلاف برمی حکومت کا غیر انسانی، سفاکانہ سلوک قابل مذمت اور قابل گرفت ہے۔ روہنگیا مسلمانوں پر ہونیوالے مظالم انکی نسل کشی کے خلاف اقوام متحدہ، اسلامی دنیا اور انسانی حقوق کی تنظیمیں آواز اٹھائیں۔ یو این اور اسلامی دنیا بھی چپ کا روزہ توڑیں اور روہنگیا مسلمانوں کے خلاف ہونیوالے ظلم و بربریت کو رکوانے کیلئے عملی کردار ادا کریں۔ وہ منہاج یونیورسٹی لاہور میں برمی مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ہونیوالے احتجاجی مظاہرے اور واک میں شریک سینکڑوں طلبا و طالبات، پروفیسرز اور لیکچررز سے خطاب کر رہے تھے۔ طلباء نے برما کے مسلمانوں کی حمایت میں بینرز، کتبے اٹھا رکھے تھے اور وہ مسلمانوں پر ہونیوالے ظلم و جبر کے خلاف نعرے لگا رہے تھے۔ مظاہرے میں شریک طلباء مطالبہ کر رہے تھے کہ انسانی حقوق کی تنظیمیں اور اقوام متحدہ برما کے مسلمانوں پر ہونیوالے مظالم رکوائیں۔

مظاہرین سے ڈاکٹر اسلم غوری، ڈاکٹر ثمر فاطمہ، کرنل(ر) محمد احمد، کرنل مبشر اقبال، خرم شہزاد، مدثرہ بلوچ نے بھی خطاب کیا جبکہ راشد کلیامی، ڈاکٹر نعیم مشتاق، سید امجد علی شاہ، عدنان جاوید، اسلم طیب و دیگر رہنما بھی مظاہرے میں شریک تھے۔

خرم نواز گنڈا پور نے کہا کہ برما میں مسلمانوں کی بد ترین نسل کشی انسانیت کی تذلیل اور مہذب دنیا کے منہ پر طمانچہ ہے، انسانی حقوق کی تنظیمیں اور اقوام متحدہ کا انسانی حقوق کمشن برمی مسلمانوں پر ہونیوالے مظالم سے آگاہ ہے اور پوری دنیا کو اس سے آگاہ کر بھی رہا ہے۔ موثر ممالک کی خاموشی، بے حسی، ظلم کا ساتھ دینے کے مترادف ہے۔ برمی حکومت کی بربریت اور تعصب پر مبنی نسل پرستانہ رویہ بھی مسلمہ عالمی اصولوں کے منافی ہے۔ مظاہرین نے اپیل کی کہ پاکستان سمیت اسلامی دنیا کے ممالک روہنگیا کے مسلمانوں کیلئے فنڈز قائم کریں اور انکے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے فوری اقدامات کریں۔ امت مسلمہ مظلوم اور کمزور مسلمانوں کیلئے آواز اٹھائے، برما میں معصوم بچوں، عورتوں، بزرگوں اور نوجوانوں کو بے رحمی سے قتل کیا جا رہا ہے، جسے فوری رکوایا جائے۔ اقوام متحدہ نوٹس لینے کی بجائے اب فوری ایکشن لے اور روہنگیا کے مظلوم مسلمانوں پر ہونیوالے مظالم بند کروائے۔

دریں اثناء منہاج یونیورسٹی میں ’’شہادت حضرت امام حسین علیہ السلام کانفرنس‘‘ کا انعقاد کیا گیا جس سے سیکرٹری جنرل عوامی تحریک خرم نواز گنڈا پور، نائب ناظم اعلیٰ منہاج القرآن علامہ سید فرحت حسین شاہ، نوجوان سکالر علی وقار و دیگر نے خطاب کیا۔ کانفرنس میں طلباء و طالبات اور پروفیسرز و لیکچررز کی بڑی تعداد شریک تھی۔ طلباء نے سرور کونین ﷺ کے حضور نذرانہ عقیدت پیش کیا اور شان اہل بیت میں منقبت پڑھی۔

علامہ سید فرحت حسین شاہ نے کہا کہ ظلم، جبر، نا انصافی، برائی اور لادینیت کے مقابلے میں شہادت امام حسین علیہ السلام آزادی، سچائی، عزم و ہمت، عدل و انصاف، عظمت کردار اور مظلوموں کی فتح کا استعارہ بن کر سامنے آتی ہے۔ ظالم اور جا بر حکمرانوں کے خلاف کلمہ حق بلند کرنا پیغام کربلا ہے، حسینی فکر پر عمل کرتے ہوئے قوم کو اور خاص طور پر نوجوانوں کو ظلم و استحصال والے نظام سے نجات کیلئے کردار ادا کرنا ہو گا۔

نوجوان سکالر علی وقار نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مظلوموں اور مصیبت زدہ لوگوں کی مدد کرنا عبادت ہے اگر امت مسلمہ ترقی و عروج چاہتی ہے تو اسے شعار حسینی اپنانا ہو گا۔ انسانی تاریخ کے سب سے بڑے شجاع نے صبر کو قوت بنا کر یزیدیت کو ہمیشہ کیلئے دفن کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ ذاتی، نظریاتی، مسلکی، لسانی تعصبات کو امن اور محبت سے ختم کرنا ہو گا۔ حسینیت عدل و انصاف کے پیغام کا نام ہے اور ظلم سے نجات کیلئے جدوجہد کرنیوالے حسینی کہلاتے ہیں۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top