34 ویں عالمی میلاد کانفرنس مینار پاکستان کے وسیع گراؤنڈ میں ہی ہو گی: منہاج القرآن

تیاریاں شروع، 70 انتظامی کمیٹیاں تشکیل دے دی گئیں: جواد حامد
ربیع الاول کا چاند نظر آتے ہی پورے لاہور میں مشعل بردار جلوس نکالے جائیں گے: اشتیاق حنیف مغل

لاہور (13 نومبر 2017) تحریک منہاج القرآن کے زیر اہتمام 34 ویں عالمی میلاد کانفرنس مینار پاکستان کے وسیع گراؤنڈ میں ہی ہو گی، کانفرنس کی تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں۔ عالمی میلاد کانفرنس کے انتظامات کیلئے مرکزی سطح پر 70 سے زائد انتظامی کمیٹیاں تشکیل دی دے گئی ہیں۔ عالمی میلاد کانفرنس 2017ء کے سربراہ خرم نواز گنڈاپور ہونگے، کانفرنس میں اہم مذہبی، سیاسی، سماجی شخصیات شرکت کریں گی، ہر سال کی طرح اس سال بھی میلاد کانفرنس میں شریک ہر خاص و عام کے لیے ضیافت میلاد کا اہتمام ہو گا۔ سرد موسم کے باوجود کانفرنس میں لاکھوں مرد و خواتین شریک ہونگے، سربراہ عوامی تحریک ڈاکٹر محمد طاہرالقادری خصوصی خطاب کرینگے، ربیع الاول کے مبارک مہینے کا چاند نظر آتے ہی کانفرنس کی تیاریاں عروج پر پہنچ جائیں گی، لاہور میں بڑے بڑے ہورڈنگز اور بینرز لگانے شروع کر دیئے گئے ہیں۔ کانفرنس میں بیرون ممالک سے بھی اہم شخصیات شرکت کریں گی، ان خیالات کااظہار سیکرٹری عالمی میلاد کانفرنس جواد حامد اور تحریک منہاج القرآن لاہور کے ناظم اشتیاق حنیف مغل نے تشکیل دی گئی انتظامی کمیٹیوں کے سربراہان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر شہزاد رسول، ثناء اللہ خان، الیاس ڈوگر، سعید اختر، میاں زاہد جاوید، حاجی فرخ، یونس نوشاہی و دیگر بھی موجود تھے۔

جواد حامد نے کہا کہ مینار پاکستان کے پنڈال کو سجانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی، انہوں نے بتایا کہ عالمی میلاد کانفرنس میں علماء، مشائخ عظام، نعت خوان اور قراء حضرات خصوصی طور پر شرکت کرینگے، انہوں نے کہا کہ حضور اکرم ﷺ کی محبت آپ ﷺ کے میلاد کا شایان شان طریقے سے تذکرہ ایمان کا حصہ ہے۔

منہاج القرآن لاہور کے ناظم اشتیاق حنیف مغل نے کہا کہ عالمی میلاد کانفرنس کیلئے تمام شعبہ ہائے زندگی کے افراد کو شرکت کی دعوت دی جا رہی ہے۔ ربیع الاول کا چاند نظر آتے ہی بسلسلہ استقبال ربیع الاول پورے لاہور میں مشعل بردار جلوس نکالے جائیں گے۔ گھروں میں بچوں کے ہمراہ میلاد مصطفی ﷺ کی خوشی میں کیک کاٹے جائیں گے، گھروں اور بازاروں کو سجایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ صرف لاہور شہر سے عالمی میلاد کانفرس میں لاکھوں مرد و خواتین شرکت کر کے اپنے آقا و مولا سے والہانہ عشق کا اظہار کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تحریک منہاج القرآن حضور ﷺ کی محبت کے عقیدے کو فروغ دے رہی ہے۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top