ڈاکٹر طاہرالقادری کے تین مطالبات، تحریک انصاف کی بھرپور حمایت

شہباز شریف، رانا ثناء سانحہ میں ملوث پولیس افسران مستعفی ہوں، سانحہ کی تحقیقات کیلئے غیر جانبدار جے آئی ٹی بنائی جائے
جہانگیر ترین، شاہ محمود قریشی کی قیادت میں تحریک انصاف کے 5 رکنی وفد نے ڈاکٹر طاہرالقادری سے ملاقات کی
کل بروز اتوار شیخ رشید احمد، راجہ ناصر عباس، چوہدری برادران سربراہ عوامی تحریک سے ملاقات کریں گے

لاہور (9 دسمبر 2017) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنماؤں جہانگیر ترین اور شاہ محمود قریشی کی قیادت میں آنیوالے وفد کے ہمراہ پریس کانفرنس میں سانحہ ماڈل ٹاؤن کے انصاف کیلئے 3 مطالبات پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف اور رانا ثناء اللہ فوری استعفیٰ دیں، 2 سانحہ ماڈل ٹاؤن میں بالواسطہ، بلاواسطہ ملوث افسران کیس کے حتمی فیصلہ تک عہدے چھوڑ دیں، 3 سانحہ کی تحقیقات کیلئے پانامہ لیکس کی طرز پر با اختیار، غیر جانبدار جے آئی ٹی تشکیل دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ جسٹس باقر نجفی کمشن نے قاتلوں کے چہروں سے نقاب ہٹا دیئے، منصوبہ نواز شریف شہباز شریف نے بنایا، رانا ثناء نے نگرانی کی، افسران اور پولیس نے عمل کیا۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے پی ٹی آئی کے اعلیٰ سطحی وفد کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ مختلف جماعتوں کی مرکزی قیادت انسانیت کے ناطے سے ہمارے پاس آ رہی ہے ان ملاقاتوں میں شہدائے ماڈل ٹاؤن کو انصاف دلوانے پر گفتگو ہوتی ہے۔

تحریک انصاف کے رہنماؤں نے عمران خان کا پیغام پہنچایااور ڈاکٹر طاہرالقادری کے تینوں مطالبات کو جائز قرار دیتے ہوئے حمایت کا اعلان کیا اور یقین دلایا کہ حصول انصاف کیلئے ڈاکٹر طاہرالقادری جو قدم بھی اٹھائیں گے تحریک انصاف ساتھ ہو گی۔ شاہ محمود قریشی نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جسٹس باقر نجفی کمشن کی رپورٹ آنے کے بعد ثابت ہو گیا کہ شہباز شریف، رانا ثناء اللہ سانحہ میں براہ راست ملوث ہیں اور اب ایک سیکنڈ کیلئے بھی انکا اقتدار میں رہنے کا کوئی جواز نہیں۔ انہوں نے کہا کہ 14شہریوں کا قتل غیر معمولی واقعہ ہے اسے کسی صورت نظر انداز نہیں کیا جا سکتا، تحریک انصاف اول روز سے سانحہ کے ذمہ داروں کو عبرت ناک سزا دینے کا مطالبہ کر رہی ہے، 2014 کے دھرنے کا ایک بڑا مطالبہ ماڈل ٹاؤن کے قاتلوں کو سزا دینا تھا۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جہانگیر ترین نے کہاکہ عمران خان، ڈاکٹر طاہرالقادری کے موقف کے ساتھ ہیں، شہدائے ماڈل ٹاؤن کے انصاف کیلئے قانونی، سیاسی، عوامی سطح پر احتجاج میں ساتھ دینے کا فیصلہ پوری پارٹی کا ہے۔ انہوں نے کہاکہ شہباز شریف، رانا ثناء اللہ مستعفی ہوں اور خود کو قانون کے سامنے سرنڈر کریں، انہوں نے کہاکہ اگر یہ استعفے نہیں دیتے تو احتجاج کے حوالے سے جو فیصلہ بھی ڈاکٹر طاہرالقادری کریں گے ساتھ کھڑے ہونگے۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر طاہرالقادری نے مزید کہا کہ بیت المقدس کو اسرائیل کا دارلحکومت بنائے جانے کے فیصلے پر نظر ثانی نہ کی گئی تو عالمی امن کی کوششوں کو نا قابل تلافی نقصان پہنچے گا۔ ڈونلڈ ٹرمپ فیصلے پر نظر ثانی کریں۔ انہوں نے اکہاکہ فیصلہ کو پوپ سمیت یورپی ممالک نے قبول نہیں کیا۔

تحریک انصاف کے وفد میں اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی میاں محمود الرشید، عبد العلیم خان اور اعجاز چوہدری بھی شامل تھے، پاکستان عوامی تحریک کی طرف سے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور، ڈاکٹر حسن محی الدین، بریگیڈئر (ر) محمد مشتاق، فیاض وڑائچ، مرکزی سیکرٹری اطلاعات نور اللہ صدیقی، ساجد بھٹی، جی ایم ملک، جواد حامد، میاں ریحان مقبول، میاں زاہد اسلام، راجہ زاہد و دیگر رہنما شریک تھے۔

پاکستان عوامی تحریک کے ترجمان نور اللہ صدیقی کے مطابق کل بروز اتوار شیخ رشید احمد، راجہ ناصر عباس، چوہدری برادران سربراہ عوامی تحریک سے ملاقات کریں گے۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top