آئرلینڈ: پاکستانی کمیونٹی کے زیراہتمام میلاد النبی ﷺ کانفرنس

آئرلینڈ کے شہر کارک میں پاکستانی کمیونٹی کارک کے زیراہتمام میلاد کانفرنس کارک سٹی میں منعقد ہوئی، جس کی صدارت پیر غلام دستگیر نے کی۔ محفل میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے عاشقان مصطفیٰ نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ محفل کا آغاز مرتضی احمد نے تلاوت کلام پاک سے کیا۔ فیاض احمد، عبدالوہاب یونس، ڈاکٹر رضوان صالح، امداد علی، ڈاکٹرسلیم شریف، عامر بٹ، اسد علی، ڈاکٹر گلزار احمد، علی بٹ قادری اور محمد احمد نے حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی بارگاہ اقدس میں گلہائے عقیدت پیش کیے۔

پروگرام کی نقابت کے فرائض منہاج القرآن آئرلینڈ کے انفارمیشن سیکرٹری محی الدین نے ادا کیے۔ تحریک منہاج القرآن آئرلینڈ کے امیر علامہ محمد عدیل نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم عالم انسانیت کے لیے اللہ پاک کا فضل رحمت اور احسان عظیم ہیں امت مسلمہ پر واجب ہے کہ وہ اس نعمت عظمیٰ پر اللہ پاک کا شکر بجا لائیں کیونکہ شکر اللہ تعالیٰ کو بہت محبوب ہے اور کسی عطا پر اس کا شکر بجا لانا سنت انبیاء ہے جیسا کہ احادیث صوم عاشورہ سے واضع ہے۔

نعت خواں حضرات نے ذکر مصطفی سے محفل پر ایسا رنگ جمایا کہ تمام محفل ذکر مصطفی سے جھوم اٹھی اور فضا نعرہ تکبیر مرحبا یا مصطفی کی صداؤں سے گونج اٹھی۔ پروگرام کے آرگنائزر آزاد احمد نے اظہار تشکر کے کلمات ادا کرتے ہوئے کہا کہ تمام نعت خوان حضرات اور مقررین نے جو کچھ بھی بیان کیا اس سے یقینا ہمارے ایمان کی تازگی میں مزید اضافہ ہوا۔ بالخصوص تحریک منہاج القرآن آئرلینڈ کی تمام ٹیم کا شکریہ ادا کرنا چاہوں گا جو دور کا سفر کر کے یہاں تشریف لائے اور پھر اس تمام پروگرام کو ترتیب دیا۔

محفل کے آخر میں تمام احباب نے کھڑے ہوکر نہایت عقیدت واحترام سے درود و سلام کا نذرانہ پیش کیا۔ اختتام پر علامہ محمد عدیل نے تمام امت مسلمہ اور بالخصوص پاکستان کے لیے خصوصی دعا کی، جس کے بعد ضیافت سے شرکاء کی تواضع کی گئی۔

رپورٹ: فرخ وسیم بٹ

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top