امت مسلمہ استقبال رمضان کی تیاری کر ے، ماہ صیام میں نیکیاں سمیٹیں : ڈاکٹر حسن محی الدین قادری

مورخہ: 10 مئی 2018ء

ہمدردی و غم خواری ماہ صیام سے خاص نسبت رکھتے ہیں، چیئرمین سپریم کونسل
اسلام، احسان اور ایمان کا فلسفہ سمجھنے کیلئے رمضان المبارک انتہائی اہمیت کا حامل ہے
رمضان المبارک کو لوڈ شیڈنگ سے فری مہینہ قرار دیا جائے، استقبال رمضان کانفرنس میں مطالبہ
تقریب میں انسانی خدمت کے شعبہ جات میں خدمات انجام دینے والی شخصیات میں ایوارڈز بھی تقسیم کئے گئے
خرم نواز گنڈاپور، شاہد لطیف، حاجی امین قادری، آصف سلہریا ایڈووکیٹ، راشد باجوہ، سلیم اعوان کا خطاب

Dr Hassan Mohi-ud-Din Qadri

لاہور (10 مئی 2018) تحریک منہاج القرآن کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا ہے کہ رمضان المبارک کی آمد آمد ہے، ہمیں یہ طے کرنا ہے کہ رحمت اور برکت کے اس بہتے دریا سے کس طرح زیادہ سے زیادہ جھولیاں بھر سکتے ہیں، نیکیاں سمیٹ سکتے ہیں۔ رمضان المبارک فیوض و برکات اور انعامات ربانی کا گراں بہار مجموعہ ہے۔ رمضان المبارک دین کی بھلائی اور آخرت کی کمائی کا مہینہ ہے۔ اس مقدس مہینے میں ساری امت مسلمہ کو 30 دن کی مشق سے اپنی شخصیت کے اندر نکھار پیدا کرنا ہو گا۔ استقبال رمضان کی تیاری کریں، دوران رمضان خیر اور نیکیاں سمیٹیں اور اپنے اندر ایک نیا انسان دریافت کریں۔ وہ تحریک منہاج القرآن کے ڈائریکٹوریٹ آف ری سورسز اینڈ ڈویلپمنٹ مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں ’’استقبال رمضان کانفرنس‘‘ سے خطاب کر رہے تھے۔

تقریب میں سیکرٹری جنرل عوامی تحریک خرم نواز گنڈاپور، ڈائریکٹر ری سورسز تحریک منہاج القرآن شاہد لطیف، مرکزی رہنما تحریک منہاج القرآن حاجی امین القادری، ملک محمد سلیم اعوان، راشد باجوہ، رہنما عوامی تحریک آصف سلہریا ایڈووکیٹ، محمد سلیم بٹ، طلعت احمد ضمیم، مرزا حنیف صابری، رانا شکیل، رانا جمیل احمد، میاں عمر، میاں عامر محمود، انجینئر محمد عمر، راجہ زاہد محمود، شیخ محمد حنیف، حکیم جمیل یوسفی، اقبال ڈوگر، ملک شمیم نمبردار سمیت اہم مذہبی، سیاسی، سماجی اور کاروباری شخصیات نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا کہ رحمت و مغفرت کا مبارک مہینہ سایہ فگن ہونیوالا ہے۔ ماہ صیام کو حضور اکرم ﷺ نے رحمت، مغفرت اور جہنم سے نجات کا مہینہ قرار دیا ہے۔ حضور ﷺ نے رمضان المبارک کو صبر و ضبط اور ایثار کا مہینہ بھی قرار دیا ہے۔ ہمدردی و غم خواری ماہ صیام سے خاص نسبت رکھتے ہیں۔ اسلام، احسان اور ایمان کا فلسفہ سمجھنے اور عمل کرنے کیلئے رمضان المبارک انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔

سیکرٹری جنرل عوامی تحریک خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ مستحق اور ضرورت مند طبقات کو زندگی کی مشکلات سے نجات دلانے کیلئے کوشش کرنا بھی رمضان المبارک کے مقاصد میں سے اہم ترین مقصد ہے۔ غربت، افلاس، بھوک، بد امنی، انتہا پسندی اور دہشتگردی کے خاتمے کا عزم و کوشش کرنا ہر مسلمان کا فرض ہے۔ رمضان المبارک کا چاند نظر آئے تو کریم رب کے آگے ہاتھ پھیلا دیں۔ صلاۃ الحاجات ادا کریں۔ رمضان المبارک کی بابرکت ساعتوں میں فضل اور رحم کی دعائیں مانگیں۔

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شاہد لطیف نے کہا کہ رمضان المبارک خود احتسابی کا درس دیتا ہے، صفائے قلب کیلئے روزہ بہترین ذریعہ بن سکتا ہے، بشرطیکہ اسکے تقاضے پورے کئے جائیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی رہنماء منہاج القرآن حاجی امین القادری نے کہا کہ رمضان المبارک کی آمد آمد ہے، ہر طرف خوشیاں اور بہار نظر آ رہی ہے، اس مقدس مہینے میں مسلم معاشرے پر نظم و ضبط کا رنگ چڑھ جاتا ہے۔ اسلام احسان اور ایمان کا فلسفہ سمجھنے کیلئے رمضان المبارک بہترین مہینہ ہے۔

پاکستان عوامی تحریک کے رہنماء آصف سلہریا ایڈووکیٹ نے کہا کہ رمضان المبارک کو لوڈ شیڈنگ سے فری مہینہ قرار دیا جائے، اس ماہ مبارک میں مصنوعی مہنگائی کو کنٹرول کر کے عوام کو ریلیف دیا جائے۔ حکمران رمضان پیکج کی رقم اپنی تشہیر پر خرچ کرتے ہیں جو نہیں ہونا چاہیے، انہوں نے کہا کہ ملاوٹ زدہ اشیاء، حرام گوشت اور اشیائے خورد ونوش کی قیمتوں میں اضافہ و مصنوعی بحران پیدا کرنیوالے مافیا کو رمضان المبارک سے قبل ہی کڑی سزائیں دی جائیں تا کہ رمضان المبارک میں ایسے شر پسند عناصر کے گھناؤنے فعل سے بچا جا سکے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکمران رمضان المبارک کی آمد سے قبل حالیہ مہنگائی اور قیمتوں میں اضافہ واپس کروائیں۔

تقریب میں چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے انسانی خدمت کے شعبہ جات میں نمایاں خدمات انجام دینے والی شخصیات کو ایوارڈ بھی دیئے۔ استقبال رمضان کانفرنس سے راشد باجوہ، ملک محمد سلیم اعوان، محمد سلیم بٹ و دیگر نے بھی خطاب کیا۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top